شہریار خان، ششانک منوہر کو پاک بھارت سیریز پر مذاکرات کیلئے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز بلالیا گیا
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر کو پاک بھارت سیریز پر مذاکرات کیلئے آئی سی سی کے ہیڈ کوارٹر میں بلالیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک نے دونوں سربراہان کو ملاقات کیلئے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر بلایا ہے جہاں تینوں سربراہان مل کر پاک بھارت سیریز کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی جس میں پاکستان اور بھارت اپنی اپنی طرف سے سیریز کے نکات پیش کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پاک بھارت سیریز کیلئے نیوٹرل مقام کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ جائلز کلارک پاک بھارت سیریز کیلئے انتہائی متحرک کردار ادا کررہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اتوار کی صبح بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر سے ایک طویل ملاقات بھی کی ہے۔
