بونیر(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسلام اور جہاد کو پہاڑوں پر موجود چند لوگوں سے منسوب کیا جا رہا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاد ایک مقدس لفظ ہے لیکن اسے بدنام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور نیٹو نے افغانستان کو تباہ کردیا ہے جس کی وجہ سے افغانستان آج خانہ جنگی کا شکار ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام تو امن اور اعتدال پسند مذہب ہے اور دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کی طرح نظریاتی تبدیلی بھی آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام اسلامی نظریے پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے لئے عہدوں اور پیسوں سے زیادہ اہم اسلامی نظریہ ہے۔