’’پیر سیدمہر علی شاہ ؒ کا تحریک ختم نبوت میں کردار نمایاں ہے‘‘

’’پیر سیدمہر علی شاہ ؒ کا تحریک ختم نبوت میں کردار نمایاں ہے‘‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اپنے خبر نگار سے) پیر سیدنا مہر علی شاہؒ نے تحریک ختم نبوت میں جو قائدانہ کردار ادا کیا وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔پیر سید مہر علی شاہؒ سچے عاشق رسولؐ تھے اورآپ نے فتنۂ قادیانیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔ آج ہمیں پیرسید مہر علی شاہؒ کے پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں حضرت سیدنا پیر مہر علی شاہؒ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔اس تقریب کے مہمان خاص سجادہ نشین آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف حضرت پیر سیدغلام معین الحق گیلانی تھے۔ تقریب کااہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا ۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض محمد عمران شاکر گولڑوی نے انجام دیے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف حکومت پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ نے عقیدۂ ختم نبوت کا بھرپور دفاع کیا اور فتنۂ قادیانیت کے رد کا تاج آپ کے سر سجا۔ پیر سید مہر علی شاہؒ نابغۂ روزگار شخصیت تھے ۔آپ کا علمی مقام نہایت بلند ہے ۔ہمیں آپ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔ممتاز دانشور ،کالم نگار اور ادیبہ بیگم بشریٰ رحمن نے کہا کہ پیر سید مہر علی شاہؒ اپنے نام اور کارناموں کی بدولت ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ شیخ عبدالحمید چشتی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں کا ذکر تاقیامت ہوتا رہے گا۔ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ نے عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا۔ علامہ جی اے حق چشتی نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ کی بڑی وجۂ شہرت آپ کی ولایت اور علم ہیں۔آپ آج بھی ولایت کے افق پر چمک رہے ہیں۔ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ کی ذات مجسم عاشق رسولؐ تھی۔علامہ سمیع الحق گولڑوی نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ نے نظریۂ اسلام کیلئے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے فتنۂ قادیانیت کو رد کرنے کیلئے پیر سید مہر علی شاہؒ کا انتخاب کیا۔ اللہ تعالیٰ نے پیر سید مہر علی شاہؒ کا نام ،کام اور کلام بلند کر دیا اور لوگ آج بھی انہیں یاد کررہے ہیں۔آپ نے نظریۂ اسلام کیلئے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا تھا۔اس نشست میں سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، سجادہ نشین درگاہ عالیہ اجمیر شریف پیر سید بلال شاہ ‘ آستانۂ عالیہ پاکپتن شریف کے پیر معین الدین دیوان، سید اکبر شاہ، علماء و مشائخ سمیت آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف سے عقیدت رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں سجادہ نشین آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف پیر سید غلام معین الحق گیلانی نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کروائی۔