بھارت کی کنٹرول لائن پر پھر بلا اشتعال فائرنگ ،خاتون سمیت 2افراد شہید ،ایک زخمی ،پاکستان کا احتجاج

بھارت کی کنٹرول لائن پر پھر بلا اشتعال فائرنگ ،خاتون سمیت 2افراد شہید ،ایک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوٹلی /نکیال( اے این این ) لائن آف کنٹرول کے نکیال ٗ کریلہ اور جندروٹ سیکٹرز پر گزشتہ چند روز کے وقفے کے بعد بھارتی فوج کی ایک بار پھر بلااشتعال گولہ باری ٗ ایک خاتون سمیت دو افراد شہید ٗ ایک زخمی ٗ متعدد مکانات تباہ ٗ ایک جیپ کو بھی نقصان پہنچا،گھاس کے ذخیرے بھی جل کر خاکستر ٗ بھارتی فوج کنٹرول لائن سے ملحقہ سول آبادی کو نشانہ بنارہی ہے ٗ خطرے کے پیش نظر کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہاتوں کے تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیئے گئے ٗ پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب ۔تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کے نکیال ٗ کریلہ اور جندروٹ سیکٹرز پر بھارتی فوج نے گزشتہ روز ایک بھر پار سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال گولہ باری کا سلسلہ شروع کردیا جس کے نتیجے میں گاہی متھرانی کی رہائشی نازیہ کوثر زوجہ محمد اسلم اور محمد الطاف ولد لعل محمد ساکن چھوٹاناڑڈبسی شیل لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ محمد عامر ولد نصیب اللہ خان ساکن موہڑہ ماہل زخمی ہوگئے ۔ بھارتی فوج کی گولہ باری سے کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہاتوں میں متعدد مکانات بھی تباہ ہوگئے اور ایک جیب کو بھی نقصان پہنچا جبکہ گھاس کے متعدد ذخائر بھی جل کر خاکستر ہوگئے ۔ بھارتی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی نکیال ٗ کریلہ سیکٹر کے کنٹرول لائن کے ملحقہ دیہاتوں کی آبادی پر اچانک بلااشتعال گولہ باری کا سلسلہ شروع کردیا جو نصف شب تک جاری رہا۔ پیر کے روز بھارتی فوج نے صبح 8 بجے ایک بار پھر کنٹرول لائن کے نکیال ٗ کریلہ اور جندروٹ سیکٹرز کے دیہاتوں ڈبسی لنجوٹ ٗ ڈبسی ناڑ ٗ موڑہ دھروتی ٗ دھروتی ناڑی اور گھمب کی سول آبادی کو شدید گولہ باری سے نشانہ بنایا،بھارتی فورسز نے ترکنڈی، سکاکس، نرگل، پلانی، داتوٹ پر بھی گولہ باری کی ۔ بھارتی فوج مسلسل سول آبادی کو نشانے پر لئے ہوئے ہے گولہ باری کی وجہ سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حالات کے پیش نظر ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں اضافی ایمبولینس بھی منگوا لی گئی ہیں ۔ تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیئے گئے ہیں انتظامیہ ہائی الرٹ ہے ۔ دریں اثناء پاک فوج دشمن کی گولہ باری کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے حالیہ گولہ باری کے نہ تھمنے والے سلسلے پر عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سفارتی سطح پر بھارتی مظالم کو عالمی توجہ کا مرکز بناتے ہوئے بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے سلسلے میں مہم تیز کرے ۔ کنٹرول لائن پر گولہ باری سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں نظام حیات مکمل طور پر مفلوج ہے ۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، بھارت جھوٹے الزامات لگانے کے باوجود حقائق چھپانے میں ناکام رہاہے۔ ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ چینل سے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر کی مقامی تحریک آزادی کو دہشت گردی کی کارروائی کے طورپرپیش کررہاہے۔ نفیس زکریا نے کہاکہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں کامقصد مقبوضہ کشمیر میں اس کی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹاناہے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاسوسی کی تمام کوششیں ناکام بنادی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی جاسوس طیارے کومارگرایاگیا اور پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی بھارتی کوشش کو بھی طاقت کے ذریعے ناکام بنادیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ذریعے ملک میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں اورعلاقائی ملکوں پر زوردیاکہ بھارت کے جارحانہ رویے کا نوٹس لیاجائے۔