"We are One" پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے ایک بار پھر یہ نعرہ سچ کر دکھایا

"We are One" پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے ایک بار پھر یہ نعرہ سچ کر دکھایا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور پاکستان بزنس کونسل دبئی نے مل کر متحدہ عرب امارات یں مقیم ضرورتمند پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کا بیڑہ اٹھایا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ امارات میں مقیم مستحق پاکستانیوں کی ہر ممکن خدمت اور مدد کی جائے گی۔ ایک عرصہ کے بعد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی PADاور پاکستان بزنس کونسل دبئی PBC کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اور یہاں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا انتہائی خوش آئند ہے، جسے امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے اور متذکرہ دونوں اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ہونے والی اس مشترکہ تقریب میں پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران اور پاکستان کمیونٹی کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب میں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کی طرف سے کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خان موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل اکرام نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے موجودہ ترقیاتی کاموں اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے حاضرین مجلس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ امارات خصوصاً دبئی میں مقیم ضرورت مند پاکستانیوں کی بھرپور اخلاقی و مالی مدد کی جائے جس کے لئے ایسوسی ایشن اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ مصروف عمل ہے تاہم مخیر حضرات کا تعاون مزید درکار ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر ضیاءالدین نے زیر تکمیل اور مستقبل میں آنے والے منصوبوں کی تکمیل کے لئے سب سے تعاون کی درخواست کی اور کہا کہ امارات میں مقیم ہر پاکستانی اگر تھوڑا تھوڑا بھی تعاون کریں تو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے منصوبے بطریق احسن مکمل ہوسکتے ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی نے کہا کہ PBC اور PAD مل کر کام کریں گے اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کو پورے گلف میں مثالی کردار بنادیں گے۔ احمد شیخانی نے کہا کہ پاکستان بزنس کونسل دامے درمے سخنے امارات میں مقیم مستحق پاکستانیوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ اس موقع پرا نہوں نے PBC کے سابق صدر مرحوم خواجہ تنویر الاسلام کی خدمات کو بھی سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔

مزید :

عرب دنیا -