کراچی کی سیاسی اونر شپ کسی جماعت کے پاس نہیں ہے :مظہر عباس
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار مظہر عباس نے کہاہے کہ کراچی آپریشن میں پچھلے تین سال سے کوئی یوٹرن نظر نہیں آیا،ایم کیو ایم سے غلطی ہوئی 2013کے آپریشن کوبھی ماضی کے آپریشن کی طرح ہی سمجھتی رہی ، اس وقت کراچی کی سیاسی اونر شپ کسی کے پاس نہیں ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ کراچی میں پہلا آپریشن ہے جس میں پچھلے تین سال سے کوئی یوٹرن نظر نہیں آیا ، اس سے قبل ہونے والے تمام آپریشنز میں یوٹرن لئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن نیٹ ورک کے سلسلے میں کراچی سے بہت سے لوگ اٹھائے گئے اور اب بھی بہت سے لوگ کسٹڈی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ محسوس کیا گیا کہ کراچی معاشی حب ہے اور آج بھی کراچی سے ہزاروں کی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کیاجارہاہے لیکن جب یہ بن رہی تھیں تو کوئی پوچھ نہیں رہاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ جب آپریشن شروع ہواتوسب سیاسی رہنماﺅں کو اعتماد میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بھی طاقت سٹیبلشمنٹ نے دی تھی اور ایم کیوایم 2013کے آپریشن کوبھی ماضی کے آپریشنز کی طرح سمجھ رہی تھی اور یہ اس سے غلطی ہوئی کہ وہ سمجھ ہی نہیں سکی اور اب تقسیم درتقسیم ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت کراچی کی سیاسی اونر شپ کسی کے پاس نہیں ہے ۔