پی ٹی آئی دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان اور او پی سی کے کیپٹن عاصم ملک کی ملاقات، قونصلیٹ کے تعاون سے جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں سے ملنے کا فیصلہ
دبئی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل سے آگاہی کے لئے مل جل کر کام کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل کرکے ان کے مسائل معلوم کئے جاسکیں اور بعد میں ان مسائل کا حل بھی نکالا جائے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان اور OPC پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے مڈل ایسٹ کیپٹن عاصم ملک نے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کرتے ہوئے عرفان افسر اعوان اور کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے ساتھ مل کر وہ دبئی کی مرکزی جیل کا بھی دورہ کریں گے تاکہ وہاں قید پاکستانیوں کی قانونی و اخلاقی مدد کی جاسکے۔
علاوہ ازیں پاکستان کی نجی ائیرلائنوں سے مل کر یہاں وفات پاجانے والوں کی میتوں کو پاکستان مفت بھجوایا جاسکے کیونکہ یہ سہولت فی الحال صرف PIA کی طرف سے ہی فراہم کی جارہی ہے جبکہ دوسری ائیرلائنوں کو بھی یہی سہولت فراہم کرنے کے لئے التماس کی جائے گی۔