پاکستان کا کرتارپورکوریڈور کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے رواں ماہ کے آخر میں کرتارپورکوریڈور کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان نے رواں ماہ کے آخرمیں کرتارپورکوریڈور کی تعمیر پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تعمیراتی منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی تاریخ مقررنہیں کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری گورونانک دیوجی کا 549 واں جنم دن منانے پاکستان آئے ہیں، پاکستان اس موقع پر انہیں یہ تحفہ دینا چاہتا ہے، اس مقصد کےلئے کوشش کی جارہی ہے کہ سکھ یاتریوں کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی کوئی تاریخ فائنل کی جائے اوراس دن پاکستانی حدود میں کرتارپور کوریڈور کی تعمیرشروع کردی جائے، اس حوالے سے سروے مکمل ہوچکا ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق تعمیراتی کام شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اگربھارت بھی کوریڈور پر رضامند ہوجاتا ہے تو پھر آئندہ سال گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن سے پہلے ہی کوریڈورکی تعمیرمکمل ہوجائے گی، کوریڈورکا زیادہ حصہ (تقریباً ڈھائی کلومیٹرفاصلہ) پاکستان میں ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں جب سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کےلئے پاکستان آئے تھے تو اس موقع پرپاک فوج کے سربراہ نے انہیں کرتارپور کوریڈور کھولنے کی خوشخبری سنائی تھی اوراب پاکستان اپنے اس وعدے کوعملی جامہ پہننانے کی طرف جارہا ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ بھارت پاکستان کے اس اقدام کا جواب کس اندازمیں دیتا ہے۔