پاکستان میں حکومت آتے ہی تبدیلی کی کوششیں شروع کردی جاتی ہیں، دستور کے مطابق حکومت بننی اور ختم ہونی چاہیے: مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ دنیا میں کہیں یہ سوال نہیں ہوتا کہ ہماری حکومت کا کیا بنے گا لیکن ہماری روش نرالی ہے، یہاں حکومت آکر بیٹھتی ہے اور اس کی تبدیلی کی کوششیں شروع کردی جاتی ہیں، جب تک دستور کے تحت حکومتوں کے آنے اور جانے کے اصول پر سختی سے عمل نہیں کیا جائے گا تب تک ہمارے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔
نجی ٹی وی 24 نیوز کے پروگرام 10 تک میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و کالم نویس مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ دنیا میں کوئی دوسرا ملک ایسا نہیں ہے جیسا کہ ہمارا ملک ہم نے بنادیا ہے، آپ کہیں بھی چلے جائیں وہاں یہ سوال نہیں ہوتا کہ ہماری حکومت کا کیا بنے گا، فوج کیا کردار ادا کر رہی ہے، ہماری حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں یا نہیں ؟ وہاں ایک طے شدہ طریقے کے تحت حکومتیں قائم ہوتی اور تبدیل ہوتی ہیں لیکن ہماری روش نرالی ہے، ہماری حکومت آ کر بیٹھتی ہے اور ہم اس کی تبدیلی کی کوششیں شروع کردیتے ہیں۔
مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ یہ معاملہ ختم ہو اور حکومت انتخاب کے ذریعے بننی اور انتخاب کے ذریعے جانی چاہیے، حکومت دستور میں طے شدہ طریقے کے ساتھ آنی اور اسی کے تحت جانی چاہیے، جب تک ہم سختی کے ساتھ اس اصول پر کاربند نہیں ہوں گے ہمارے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔