یو ایس ایڈ کا جنوبی پنجاب میں خواتین کی معاشی ترقی کیلئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی مشن ڈائریکٹر جولی کوٹن نے ملتان اور بہاولپور کے تین روزہ دورے کے دوران مندری شیپ بریڈرز ویلفیئر سوسائٹی اور ڈی جی خان چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے ساتھ خواتین کی معاشی ترقی کیلئے پراجیکٹ WEinSPIRE کے دوسرے مرحلے کے آغاز کیلئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے، اس پراجیکٹ کا مقصد دیہی معیشت میں سرمایہ کار کیلئے خواتین کو اقتصادی طور پر با اختیار بنانا ہے۔
اس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوٹن نے کہا ’ جنوبی پنجاب کی مویشی پال خواتین جنہوں نے WEinSPIRE کو بہاولپور میں شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا ہے ڈی جی خان کی باہمت خواتین کیلئے ایک مثال ہے ۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ ان کے شراکت داروں کے تعاون سے ڈیرہ غازی خان کی خواتین کامیاب مویشی پال کسانوں کے طور پر سامنے آئیں گی جو اپنے خاندان، معاشرے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار احمد علی خان دریشک نے امریکی وفد کا استقبال کیا جو پاک امریکہ شراکت داری اور جنوبی پنجاب کی مویشی پال خواتین کیلئے اس پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ WEinSPIRE ، یو ایس ایڈ ، پنجاب ان ایبلنگ انوائرمنٹ پراجیکٹ (PEEP) کا شروع کردہ منصوبہ ہے جس کا مقصد مویشی پال خواتین کی مدد کرنا ہے ، اس منصوبے کا اطلاق آئندہ برس کے دوران کیا جائے گا۔
WEinSPIRE بہاولپور کے ذریعے 2 ہزار خواتین کو جانوروں کی بہتر دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی گئی ہے اور مائیکر فنانس اداروں کے ذریعے 35 ہزار مویشی پال خواتین کو نئے کاروبار کے آغاز یا کاوربار میں توسیع کیلئے قرضہ جات فراہم کیے گئے ہیں۔