پاکستان میں دودھ کی پیداوار 49912ہزار ٹن ہو گئی

پاکستان میں دودھ کی پیداوار 49912ہزار ٹن ہو گئی

  



 فیصل آباد (بیورورپورٹ)پاکستان میں گائیوں کی تعداد 3کروڑ 95لاکھ، بھینسوں کی تعداد 3کروڑ 49لاکھ، بھیڑوں کی 2 کروڑ 98لاکھ، بکریوں کی 6کروڑ 71لاکھ، اونٹوں کی تعداد 11لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ دودھ کی پیداوار 49912 ہزارٹن، بڑے گوشت کی 1979 ہزار ٹن، چھوٹے گوشت کی 843 ہزار ٹن، مرغی کے گوشت کی 998 ہزار ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے مزید اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے بتایاکہ اس وقت لائیو سٹاک سیکٹر کا ملکی پیداوار میں حصہ تقریباً12 فیصد اور زراعت کی مجموعی پیداوار ساڑھے 55 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس وقت پنجاب سمیت ملک کی ساڑھے4کروڑ کے قریب دیہی آبادی لائیو سٹاک سیکٹر سے منسلک ہے اور اپنی 35 سے 40 فیصد تک آمدنی گوشت و دودھ کے کاروبار سے ہی حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملکی آبادی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافہ لانا بھی غذائی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت اختیار کر چکاہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی زندگی کو متوازن خوراک کے طور پر حیوانی لحمیات، چکنائی، حیاتین اور نمکیات کے علاوہ نباتاتی لحمیات کی بھی ضرورت ہوتی ہے جسے دودھ، دہی، مکھن، گھی، انڈے، گوشت، دالوں کے ذریعے پورا کیاجاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید : کامرس