ڈیرہ،پولیو ویکسی نیشن میں رہ جانیوالے بچوں کیلئے مہم کا آغاز

ڈیرہ،پولیو ویکسی نیشن میں رہ جانیوالے بچوں کیلئے مہم کا آغاز

  



ڈیرہ اسما عیل خان (بیورورپورٹ) ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا نے پولیو ویکسی نیشن سے رہ جانے والے سو فیصد بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے لئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے صوبہ بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی اس بات کا فیصلہ ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز سے ہونے والی ملاقات کی روشنی میں کیا۔گذشتہ ہفتہ ہونے والی اس ملاقات میں پولیو کے خاتمہ میں درپیش چیلنجز پر غور کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے صوبہ میں پولیو کے مکمل خاتمہ بالخصوص پولیو قطروں سے رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کے لئے معمول سے ہٹ کر غیرمعمولی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اس خصوصی مہم کے آغاز پر متعلقہ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے کہا کہ والدین کی جانب سے انکار کے باعث ایک بڑی تعداد میں بچے پولیوقطرے پینے سے رہ جاتے ہیں اس مسئلہ اورخاص طور پر پولیو ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں سے نمٹنے کے لئے خصوصی حکمت عملی وضع کی گئی ہے اور یہ امرقابل ذکر ہے کہ ایک ماہ کی اس خصوصی مہم کے سلسلے میں صوبہ بھر کی یونین کونسل کی سطح پر 7ہزار سے زائد مختلف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس مہم میں گھر گھر جانے کے ساتھ حجروں، مساجد میں جاکر اور کھلی کچہریوں کے انعقاد سے انسداد پولیو کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے گاجس میں کمیونٹی کی موبلائزیشن کے لئے متعلقہ یونین کونسلوں کا عملہ،مقامی مذہبی سکالرز، ڈپٹی کمشنرز اور ارکان پارلیمنٹ حصہ لیں گے ای او سی کوآرڈینیٹرنے کہا کہ اب تک رہ جانے والے بچوں کے 10فیصد کو پولیو قطرے پلائے گئے ہیں اور ہمارا ہدف ہے کہ ماہ دسمبر میں ہونے والی قومی انسدا پولیو مہم سے قبل سو فیصد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں انہوں نے کہا کہ صوبہ کے جنوبی اضلاع سے پولیو کیس سامنے آنے کے بعد وہاں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے واضح رہے کہ 11نومبر سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران بونیر اور ہری پور کے اضلاع میں ویکسینیشن سے رہ جانے والے تمام بچوں کو پولیو قطرے پلائے جاچکے ہیں اور یہ مہم کسی وقفہ کے بغیر15دسمبرتک جاری رہے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر