قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا آٹھواں راؤنڈ مکمل، دونوں میچز بغیر نتیجہ ختم

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا آٹھواں راؤنڈ مکمل، دونوں میچز بغیر نتیجہ ختم

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ فالو آن کا شکار سدرن پنجاب کی ٹیم نے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز کی برتری حاصل کی تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ میچ کے آخری روز خراب موسم کے باعث صرف 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ اوپنر عمر صدیق اور ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عمر صدیق 107 اور ذیشان اشرف 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اور عبدالرحمٰن مزمل کے درمیان 85 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم صہیب مقصود 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عبدالرحمٰن مزمل 38 اور عدنان اکمل بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بعدازاں آفیشلز نے میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنے کا اعلان کردیا. دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل ناردرن کے 463 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 406 رنز کی سبقت حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ میچ کے چوتھے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے کامران اکمل نے سنچری اور ظفر گوہر نے نصف سنچری اسکور کی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے 2وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عمر اکمل میچ کے آخری روز 122 اور سلمان بٹ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ محمد سعد کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور آلراؤنڈر ظفر گوہر کے درمیان 227 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کامران اکمل 166 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 212 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 26 چوکے شامل تھے۔ظفر گوہر نے 13 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ احسان عادل 11 اور وقاص مقصود 2 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے کہ امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 9وکٹوں کے نقصان پر 499 رنزبنائے تھے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 399 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی