پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کیلئے سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا،2گھنٹے طویل ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیساتھ ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب اورسپیکرپنجاب اسمبلی نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے مل کر کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی جبکہ ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر عوام کی خدمت اورفلاح وبہبود کا مشن پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے، نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا کیونکہ حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈدیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے اوراب تک فلاح عامہ کے تقریباً28بل اورایکٹ پنجاب اسمبلی پاس کرچکی ہے۔سپیکرچودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے،کھڑے ہیں اورکھڑے رہیں گے۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے میرے دور کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو بند کر کے پنجاب کے عوام کانقصان کیا۔ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے لہٰذامل کرصوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے کے مختلف شہروں میں 32 ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارم قائم کئے جانے کے حوالے سے کہا ہے کہ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار اپنی اجناس براہ راست فروخت کریں گے اور کاشتکاروں کو اپنی اجناس فروخت کرنے کے لئے بلا معاوضہ جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کو اشیاء ضروریہ کی مناسب داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ناجائز منافع خوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت پنجاب ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقدہوا،جس میں صوبے کے تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے جامع پلان تیار کیا جائے اور اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں -وزیراعلیٰ نے محکمہ آرکیالوجی میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ منظور شدہ خالی آسامیو ں پر بھرتی کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں -اجلاس میں پنجاب ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کی تنظیم نو کا فیصلہ کیاگیا اوربورڈآف گورنرز میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے مزید ماہرین او رمخیر حضرات کو شامل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن اور اراکین صوبائی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں،اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا جبکہ وزیراعلی نے فرداً فرداً اراکین صوبائی اسمبلی کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے ہدایات دیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں ون مین شو کے ذریعے حکومت چلائی جاتی رہی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل کی طرف رواں دواں ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر،گلریز افضل گوندل، فرخ ممتاز مانیکا،احمد شاہ کھگہ،ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ،محمد ندیم قریشی، راجہ یاور کمال خان، ظفر اقبال، محمد طارق تارڑ، چوہدری افتخار حسین، سردار فاروق امان اللہ دریشک اور دیگر شامل تھے۔
سردار عثمان بزدار