رہبر کمیٹی کو رہبری کی ضرورت، ہم احتساب سے راہ فرار اختیار کرنیوالے نہیں: فردوس عاشق

رہبر کمیٹی کو رہبری کی ضرورت، ہم احتساب سے راہ فرار اختیار کرنیوالے نہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یرغمال بناکر اثرانداز ہونے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رہبر کمیٹی جسے خود رہبری کی ضرورت ہے، مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنے موقف اور نظرئیے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور بلا تفریق احتساب کے داعی ہیں۔ پوری قوم گواہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کسے صادق اور امین قرار دیا اور کون بددیانت ٹھہرا۔علاوہ ازیں جرمن نشریاتی ادارے کے ڈائریکٹرجنرل دوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم کی بصیرت افروزقیادت میں حکومت گورننس کے نظام میں جامع اصلاحات متعارف کرارہی ہے، حکومت آزادی اظہارپر پختہ یقین رکھتی ہے، حکومت ملک میں آزاد اورذمہ دارمیڈیا کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی، معاشرے کے واچ ڈاگ ہونے کے ناطے میڈیا کے کردارکوسراہتے اور میڈیا کو ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کیلئے لازم سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے، حکومت ملک میں سیاحت کے شعبے کوترقی دینے میں پرعزم ہے تاکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں اہم کرداراداکرسکے۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ غیرملکی سیاح پاکستان آئیں اوریہاں سیاحت کے شعبے میں وسیع تر پوٹینشل سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے متنوع ثقافت اورثقافتی مظاہر کا خود مشاہدہ کریں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ موجودہ حکومت آزادی اظہارپر پختہ یقین رکھتی ہے، حکومت ملک میں آزاد اورذمہ دارمیڈیا کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو وہ تمام آزادیاں حاصل ہیں جن کی ضمانت آئین پاکستان نے دی ہیں، پاکستان نے کرتارپورراہداری کھول دی ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی کا مظہرہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے دوئچے ویلے کی ٹیم کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین حالات سے بھی آگاہ کیا جس کی وجہ سے خطے کے امن اورسلامتی کیلئے سنگین خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارہ دوئچے ویلے کے ڈائریکٹرجنرل پیٹرلیمبورگ نے کہاکہ پاکستان کے دورہ سے انہیں خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اورنوجوانوں کا ملک کا اثاثہ قرار دینے کے ضمن میں موجودہ جمہوری حکومت کے وڑن کی تعریف کی۔ پیٹرلیمبورگ نے معاون خصوصی کو میڈیا کے شعبہ میں اپنے ادارے کی طرف سے تربیت کی فراہمی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کو جرمنی میں منعقدہ گلوبل میڈیا فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دوئچے ویلے کے انٹرنیشنل ڈسٹری بیوشن کی سربراہ پیٹرا شینڈر، ڈی ڈبلیو اکیڈمی یورپ وایشیاء کے سربراہ مائیکل کرہاوسن،ڈی ڈبلیو پاکستان آفس کے سربراہ ندیم واحد صدیقی، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے ڈائریکٹرجنرل سعید جاوید اوروزارت اطلاعات ونشریات کے سینئرافسران بھی موجودتھے۔
فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -