اپوزیشن رہبر کمیٹی کی درخواست منظو ر، فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ 

        اپوزیشن رہبر کمیٹی کی درخواست منظو ر، فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی میں الیکشن کمیشن کے 2 ارکان نے تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی اور ممنوعہ پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر درخواست کی سماعت کی، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔اپوزیشن جماعتوں کی درخواست چیف الیکشن کمشنر اورارکان کو بھجوا دی گئی ہے جب کہ 26 نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر چلے گی۔رہبر کمیٹی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی چلائے اور جلد از جلد معاملے کو نمٹایا جائے۔، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں کیئے گئے تھے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے ارکان نے الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا اور پی ٹی آئی کیخلاف کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا، رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس 5 سال سے چل رہا ہے، فیصلہ ہو گیا تو پی ٹی آئی اور اس کی حکومت ختم ہوجائے گی پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔اکبر ایس بابر نے اپنے درخواست میں الزام لگایا کہ غیر قانونی اور غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے، مذکورہ رقم غیر قانونی طریقے‘ہنڈی’کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔ درخواست کے مطابق فنڈز جمع کرنے کے لیے استعمال ہونے والے غیر ملکی اکاؤنٹس کو ای سی پی میں جمع سالانہ آڈٹ رپورٹس سے چھپایا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر2019 کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔


فارن فنڈنگ کیس

مزید :

صفحہ اول -