ورلڈ بیس بال سوفٹ بال کنفیڈریشن کی تیسری کانگرس‘ پاکستان کی شرکت

ورلڈ بیس بال سوفٹ بال کنفیڈریشن کی تیسری کانگرس‘ پاکستان کی شرکت

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ بیس بال سوفٹ بال کنفیڈریشن کی تیسری کانگرس کا انعقاد جاپان کے شہر سکائی میں ہوا جس میں دنیا بھر سے ممبر ممالک نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے سید فخر علی شاہ نے جوکہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر ہیں نے شرکت کی۔ فیڈریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسیب محمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میٹنگ کی صدارت کنفیڈریشن کے صدر ریکارڈو فریکاری نے کی۔ سید فخر علی شاہ نے کانگرس میں موجود ایشیائی ممالک کی بیس بال فیڈریشنز کے صدور سے بھی ملاقات کی۔

جن میں سری لنکا، انڈیا اور ملائیشیا بھی شامل ہیں۔ سید فخر علی شاہ کے مطابق کانگرس میں بیس بال کی ڈیویلپمنٹ اور پروموشن کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیاجبکہ مستقبل میں بیس بال کی پروموشن اور ترقی کے لئے تجاویز بھی دی گئیں۔ کانگرس میں سال بھر میں کھیلے گئے انٹر نیشنل بیس بال ایونٹس کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ جبکہ مستقبل میں منعقد ہونے والے ایونٹس کے لئے بھی شیڈول طے کئے گئے۔ سید فخر علی شاہ نے اپنے دورہ جاپان میں بیس بال فائیو کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔ میٹنگ کی صدرات ورلڈ بیس بال سوفٹ کنفیڈریشن کی سیکرٹری جنرل بینگ چو لو نے کی۔ میٹنگ میں بیس بال فائیو کی پروموشن کے لئے ایک انٹر نیشنل بیس بال فائیو ایونٹ بھی طے پایا جو کہ آئندہ سال ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو بھی اس ایونٹ میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی