حالات یہی رہے تو آئند ہ پی ٹی آئی برسراقتدار نہیں ہو گی مہنگائی کیخلاف عوام پھٹ پڑے 

      حالات یہی رہے تو آئند ہ پی ٹی آئی برسراقتدار نہیں ہو گی مہنگائی کیخلاف ...

  



لاہور(افضل افتخار)ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا، حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی، اس وقت نہ صرف سبزیوں بلکہ ہر چیز کی قیمت میں ہر روزاضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ اس حوالے سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ روز نامہ پاکستان کی جانب سے کئے گئے سروے میں شہریوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کو اس لئے ووٹ دیا تھا وہ عوام کا دکھ سمجھتے ہوئے مہنگائی کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کریگی، افسوس! حکومت کو آئے 18 ماہ ہوگئے لیکن مہنگائی کم ہونے کے باوجود مزید بڑھ گئی ہے،اب تک غریب شہریوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل سکا ہے، حالات دن بدن خرابی کی طرف جارہے ہیں،سب کچھ اسی طرح رہا تو آئندہ تحریک انصاف کی حکومت نہیں ہوگی۔ شہری ظہیر، عدن، بابر، سہیل، ندیم،شرجیل،حمید،دلاور اور شاہد زاہد نے مہنگائی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتری، مہنگائی اس قدر ہے کہ اب غریبوں کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہے جبکہ حکومت تسلی دے رہی ہے کہ عوام صبر کریں۔ ٹماٹر اس قدر مہنگے ہو گئے کہ غریبوں کیلئے ان کی خرید ممکن ہی نہیں رہی۔ پیاز سمیت ہر سبزی  مہنگی ہے،اس کیساتھ ساتھ پھل اور اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بھی بہت اوپر چلی گئیں ہیں۔ خواتین صارف نائلہ، راحیلہ، سحرش، صابرہ، نویدہ، ملائکہ، زریں اور ثمینہ نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرے ورنہ لوگوں کیلئے جینا مشکل ہوجائیگا۔ اس قدر مہنگائی پہلے نہ تھی موجودہ حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا مگر ملک میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔

 مہنگائی،رد عمل

مزید : صفحہ آخر