بحری جہاز عالمگیر کی بحیرہ روم میں سمندری مشق ڈوگو اکڈینیزمیں شرکت

بحری جہاز عالمگیر کی بحیرہ روم میں سمندری مشق ڈوگو اکڈینیزمیں شرکت

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے بحری جہاز عالمگیر جس پر ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے اورلانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹ P3C نے بحیرہ روم میں ہونے والی کثیرالملکی سمندری مشق ڈوگو اکڈینیز میں شرکت کی۔تیرہ روز تک جاری رہنے والی اس مشق میں 12 سے زائد ممالک کی بحری افواج نے شرکت کی۔ کثیرالملکی سمندر ی مشق ڈوگو اکڈینیزمیں شرکت سے پاک بحریہ کو یہ موقع فراہم ہوا کہ وہ دنیا کی دیگر بحری افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کرے اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے۔مشق کے دوران پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے بندرگاہ (اکساز)کا بھی دورہ کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران عالمگیر پر ایک استقبالیہ کا انعقاد بھی کیاگیاجس میں ترک بحریہ کے سینئر افسران، سفارت کاروں، میزبان ملک کی اہم شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی اور ڈوگو اکڈینیز مشق میں شریک بحری جہازوں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ پاک بحریہ، حکومت ِپاکستان کی پالیسیوں کے مطابق خطے میں میری ٹائم حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ہمیشہ پر عزم رہی ہے۔مشق ڈوگواکڈینیز پاک بحریہ کے جہاز کی شرکت سے پاکستان کے ایک ذمہ دارریاست کے تشخص کو تقویت ملی گی، جو کہ علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول اور مشترکہ میری ٹائم فور س میں شرکت کے ذریعے بین الاقوامی سمندروں میں بحری امن و استحکام کے قیام کے لیے ادا کر رہا ہے،جس کا مقصد عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔مشق کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے مشرقی بحیرہ روم میں ترکش بحریہ کے ہمراہ مشترکہ گشت کی اور دوطرفہ بحری مشق "ٹورگٹریس" میں حصہ لیا۔ بین ا لاقوامی سمندری مشق ڈوگواکڈینیزکے پلیٹ فارم کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بر بریت، کشمیری عوام کی حالت زار اور مسئلہ کے حل تک کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدو جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے لئے  بھرپور طور پراستعمال کیا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر