سبزیوں کے نرخ میں اضافہ، سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سے جواب طلب کر لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں سبزیوں کے نرخ میں اضافہ اور سبزی منڈی میں بد انتظامی کا معاملہ، عدالت نے سیکریٹری زراعت، سیکریٹری قانون اور سندھ حکومت سے دس دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ میں سبزیوں کے نرخوں میں اضافے اور بدانتظامی سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کی درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ترمیمی ایکٹ 2010 کے بعد وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر مارکیٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،کمیٹی کی بد انتظامی کی وجہ سے روز سبزیوں کے نرخ میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سندھ حکومت نے یہ کیا لگا رکھا ہے، اپنے ہی پاس کئے گئے قوانین پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جاتا، اٹھارہویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے جو بھی قانون پاس کئے ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا، عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ سندھ حکومت سے پوچھ کر بتائیں یہ کیا ہورہا ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کمیٹی کی وجہ سے ویجیٹیبل ایسوسی ایشن پریشان ہے، سندھ حکومت کی جانب سے بنائی گئی مارکیٹ کمیٹی عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے،مارکیٹ کمیٹی کی بد انتظامی کی وجہ سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔