کچرا پھیلانے والوں کے خلاف آپریشن،33لاکھ سے زائد چالان
لاہور(پ ر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں غیر قانونی طور پر کچرا پھیلانے اور جلانے والوں کے خلاف متحرک ہے اس سلسلے میں پنجاب لوکل گورنمٹ ایکٹ 2013 ترمیم شدہ 2018 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یکم نومبر سے اب تک 33 لاکھ کے چالان کیے جا چکے ہیں کچرا جلانے پر41 اورکچرے کی غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے 49 اور بغیر ڈھانپے کچرے کو لے جانے پر 57 ٹرالیوں کو چالان جاری کیے گئے جبکہ کچرا جلانے اور غیر قانونی طریقے سے ڈمپ کرنے پر 7 کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی راؤ امتیاز کا کہنا ہے کہ شہر میں کچرے کی غیر قانونی ڈمپنگ اور جلانے کی ہرگز اجازت نہیں کچرے کو جلانا جرم ہے اور یہ عمل سموگ کا سبب بھی بنتا ہے۔انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی انفورسمنٹ ٹیم کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کچرے کی غیر قانونی ڈمپنگ کرنے اور جلانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ شہر میں بیماری اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سرگرم عمل رہیں۔عملہ شہر میں جاری غیر قانونی ڈمپنگ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر کوئی سوسائٹی یا شہری کوڑے کو جلانے یا غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث پائے گئے تو سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی کے حوالے سے اپنی شکایات 1139 یا کلین لاہور موبائل ایپ پر درج کروائیں۔
چالان