فنی تعلیم کو فروغ دیکر غربت میں کمی لائی جا سکتی ہے،پروفیسر سونگ زی

فنی تعلیم کو فروغ دیکر غربت میں کمی لائی جا سکتی ہے،پروفیسر سونگ زی

  



لاہور (پ ر) پاکستان سٹڈی سنٹر سچوان یونیورسٹی چین کے ڈائریکٹر پروفیسر سونگ زی ہوئی نے کہا کہ افرادی قوت ترقی کیلئے بہت اہم ہے اور پاکستان میں افراد کی صلاحیتوں میں نکھار اور فنی تربیت کے ذریعے غربت میں کمی لائی جا سکتی ہے وہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام ’پاک چین تعاون اور غربت میں کمی‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاؤلہ، ڈاکٹرامجد مگسی، فیکلٹی ممبران اورایم فل، پی ایچ ڈی سکالرز نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر سونگ زی ہوئی نے پاکستان میں غربت میں کمی کیلئے انفراسٹرکچر کی بہتری، نوکریوں کے مواقع اور آمدنی میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ برسوں میں ابھرتی ہوئی معاشی صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نوکریوں سمیت معاشی استحکام کے کئی مواقع لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی تبدیلی، زراعت کی ترقی اور سیاحت کے فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غربت کے خاتمے کیلئے چائنہ کی حکمت عملی اور طریقہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت 40سال میں 800ملین لوگوں کی زندگی میں بہتری آئی جس کی معاشرے میں مثال نہیں ملتی۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاؤلہ نے کہا کہ چین نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے غربت کا خاتمہ اور دوسری بڑی اقتصادی پاور بن کر دنیا کو حیران کر دیا

سونگ زی

مزید : میٹروپولیٹن 1