عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ، شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائے جا رہے ہیں:مریم اورنگزیب

عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ، شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ ...
عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے ، شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائے جا رہے ہیں:مریم اورنگزیب

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہاہےکہ اگرنیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کیلئے کی جارہی ہےتو یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے،عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں، شہباز شریف کےخلاف وعدہ معاف گواہ بنائےجارہےہیں،کل وسیم اجمل نے عدالت میں کہا کہ مجھے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو کہا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن کےرہنما جیلوں میں ہیں لیکن اِن پرایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا،رہنماؤں کوبکتربندگاڑیوں میں لایاجاتا اور اِن سےبدسلوکی کی جاتی ہے۔وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مقابلہ کرنا آتا ہے لیکن مخالفین کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود انہیں نہیں لایا گیا، وہ اب بھی جیل میں ہیں،یہ خواجہ سعد رفیق کے آئینی حق پر حملہ ہے،عمران خان سیاسی انتقام میں اندھےہوچکےہیں،شہبازشریف کےخلاف وعدہ معاف گواہ بنائےجارہے ہیں، کل وسیم اجمل نے عدالت میں کہاکہ مجھے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کو کہا جا رہا ہے۔اُن کا کہنا تھا عمران خان کی پنجاب حکومت کو ہدایت ہے کہ وہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ میں نہ لائیں جب کہ رانا ثنا اللہ کےپروڈکشن آرڈرجاری نہیں جاری کیےگئے،عمران خان پارلیمان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز پر عملد درآمد کروانے میں عمران خان رکاوٹ ہیں،سعد رفیق کو قومی اسمبلی نہ لائے جانے پر ہم تحریک استحقاق جمع کروا رہے ہیں،ہمیں کہا جا رہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہیں، تحریک انصاف خود الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہے، عمران خان 5 سال سے الیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کاکہناتھا یہ تیسراپاکستان ہے جو عمران خان بنارہے ہیں،عمران خان جھوٹی ٹوئٹس کرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، لوگوں کے کاروبار بند ہوگئے لیکن مشیر خزانہ کہتے ہیں کہ 17 کلو ٹماٹر ہیں،کرائے کے حکومتی ترجمان جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔اُنہوں نے عمران خان کو مشورہ بھی دیا کہ اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا، شیو کی یا نہیں؟۔مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے نیب کی جرأت نہیں کہ حکومتی کرپشن کے خلاف کارروائی کرے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ایک سال سےجیلوں میں بندلیڈر شپ کے خلاف کتنے الزامات ثابت ہوئے ؟ سیاسی مخالفین کو بند کرنے کا مقصد ایک ہے کہ عمران خان نے اکیلے کھیلنا ہے۔مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان میں جرأت ہے تو مخالفین کو جیل سے باہر لائیں اور اُن سے مقابلہ کریں، عمران خان جرأت ہے تو روزانہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں اور اپنے سارے اثاثے ڈکلیئر کریں۔نیب قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کے لیے کی جا رہی ہے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے،اگر قوانین میں تبدیلی آرڈیننس سے لائی جائے گی تو مطلب ہے کہ دال کالی ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اگر نیب کے قوانین میں تبدیلی لانی ہے تو آئینی اور قانونی طریقہ کار سے لائی جائے۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد