دولہا سے بھی بڑا شادی کا کیک، لاہور میں ہوئی ایسی شادی کہ دھوم مچ گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں ایک دولہا دلہن کے اپنی شادی پر ایسا کیک کاٹنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے کہ ہر دیکھنے والا دنگ رہ جائے۔ ویب سائٹ ’مینگوباز‘کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ کیک آٹھ فٹ اونچا ہے اور دولہا دلہن چھرے پکڑے درمیان میں سے اسے کاٹ رہے ہوتے ہیں۔ یہ کیک فخامہ مقصود نے تیار کیا تھا جو کہ 10سال سے پروفیشنل بیکر ہیں۔ فخامہ نے مینگوباز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیک کا آرڈر موصول ہونے پر واٹس ایپ پر ہماری اس دولہا دلہن سے بات ہوتی رہی اور وہ ہمیں بتاتے رہے کہ کس طرح کا کیک تیار کرنا ہے۔
فخامہ کا کہنا تھا کہ ”جب ایک بار کیک کی جزئیات طے ہو گئیں تو میں نے اس کی تیاری شروع کی اور مجھے اس کیک کو تیار کرنے میں 2دن لگے۔ یہ آرڈر ہمیں بہت اچانک ملا تھا۔ پیر کو ولیمہ تھا اور ہفتے کے روز ہمیں کیک کا آرڈر دیا گیا۔ چنانچہ اتنے کم وقت میں اس کیک کی تیاری میرے لیے ایک چیلنج تھی اور میں خوش ہوں کہ میں اس میں کامیاب رہی۔“ فخامہ کے مطابق اس کیک کا وزن 31.75کلوگرام تھا۔