اینٹی ریبیز ویکسین کی کمی پورے ملک میں ہے،کتے بھی پورے ملک میں ہیں،صرف سندھ میں نہیں:سعید غنی

اینٹی ریبیز ویکسین کی کمی پورے ملک میں ہے،کتے بھی پورے ملک میں ہیں،صرف سندھ ...
اینٹی ریبیز ویکسین کی کمی پورے ملک میں ہے،کتے بھی پورے ملک میں ہیں،صرف سندھ میں نہیں:سعید غنی

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اینٹی ریبیز ویکسین کی کمی ضرور ہے لیکن نایاب نہیں اور یہ کمی پورے ملک میں ہے،کتے بھی پورے ملک میں ہیں،صرف سندھ میں کتے نہیں,وفاقی حکومت کراچی کے مسائل میں دلچسپی نہیں لیتی،کراچی کے مسائل کا حل یہ ہے کہ فری اور فیئر الیکشن منعقد کرائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل میں دلچسپی نہیں لیتی وزیر اعظم تو بات کرنا بھی پسند نہیں کرتے،وہ وزیر اعلی کو کسی خط کا جواب بھی نہیں دیتے جبکہ ان خطوں میں مسائل کی نشاندہی اور آئیڈیاز دیئے جاتے ہیں ،وفاق کی جانب سے ایک سو باسٹھ ارب دینے کا اعلان محض اعلان ہی رہا اس پر کوئی عمل در آمد نہیں ہوا، نیب کے خوف کے باعث آفیسرز بھی ٹھیک سے کام نہیں کرپارہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اینٹی ریبیز کی ویکسین کی کمی ضرور ہے لیکن نایاب نہیں اور یہ کمی پورے ملک میں ہے، کتے بھی پورے ملک میں ہیں،صرف سندھ میں کتے نہیں,بھارت سے در آمدات رکی ہوئی ہے لیکن ویکسین کی شارٹیج ختم ہو گئی ہے،ڈینگی کے کیسز سب سے زیادہ اسلام آباد اور لاہور میں سامنے آئے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ ایم کیو ایم نے کروایا،کراچی میں انتخابات میں دھاندلی ہوتی رہی، فاٹا تک کے نتائج آجاتے ہیں لیکن کراچی کے نتائج نہیں آتے ،اب کراچی کے مسائل کا حل یہ ہے کہ فری اور فیئر الیکشن منعقد کرائے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ 2001 میں با اختیار نظام آیا جو مشرف نے دیا،2005ـ2010 تک مصطفی کمال ناظم رہے،اس وقت کہاں کتنا پیسہ لگا ؟کوئی پوچھنے والا نہیں ،جتنا پیسہ لگا اس سے کہیں زیادہ کام ہو سکتا تھا ، 2005 سے پہلے قبضہ اور چائنہ کٹنگ شروع ہوئی جو کراچی کی تباہی کا سبب بنی اور اب اس کا کوئی پرسان حال نہیں،سپریم کورٹ کے آرڈرز پر تجاوزات کے خاتمے کا کام ٹھیک سے نہیں کیا گیا، جہاں کرنا تھا نہیں ہوا اورجہاں ہوا وہاں زیادہ ہوا ۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی