ملک ترقی کی راہ پر گامزن،ہماری نیت صاف اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

ملک ترقی کی راہ پر گامزن،ہماری نیت صاف اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ...
ملک ترقی کی راہ پر گامزن،ہماری نیت صاف اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

  



پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام سےکئےگئےوعدے پورے کر رہے ہیں،مینگورہ میں عوام کیلئے ہسپتال کھول دیا ہے جس سے عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی بہتر ہو گی جبکہ سوات ایکسپریس وے کی توسیع بھی ہو چکی ہے،موجودہ حکومت پاکستان کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلی خیبر پختونخوامحمودخان نےاپنےآبائی علاقہ مٹہ سوات میں خواتین کیلئےنادرارجسٹریشن سنٹر کاافتتاح کیاجبکہ کبل سوات میں بھی خواتین کیلئے الگ نادرا رجسٹریشن سنٹر کے قیام کا اعلان کیا ہے،اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید ، صوبائی وزیر برائے زراعت محب اللہ خان اور ملاکنڈ ڈویژن کے صدرفضل حکیم خان و دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر برائے مواصلات و پو سٹل سروسز مراد سعید نے ذاکر خان شہید ہسپتال میں برن ، ٹراما اور پلاسٹک یونٹ کا بھی افتتاح کر دیا ہے۔یہ منصوبہ9 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل کیا جائے گا،پلاسٹک یونٹ کل 18 بیڈز پر مشتمل ہو گا جبکہ اس میں میل، فی میل اور بچوں کیلئے الگ الگ وارڈز ہوں گے، یونٹس سے علاقے کے عوام کو بہت زیادہ صحت سہولیات میسر آسکیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں جنوری سے باقاعدہ کلاسسز کا آغاز ہو جائے گا جبکہ جون، جولائی میں یونیورسٹی بلڈنگ پر تعمیر اتی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے گا،موجودہ حکومت پاکستان کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہی ہے،خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ سوات میں سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت عملی اور ٹھوس اقدامات اْٹھا رہی ہے جس سے نہ صرف معیشت مستحکم ہو گی بلکہ عوام کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ اْنہوں نے کہاکہ سوات سمیت پورے صوبے کے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع کی دیر پا ترقی ممکن ہو سکے۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ 500 کنال زمین پر کبل سوات میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنارہے ہیں جبکہ ویمن یونیورسٹی اور ڈینٹل کالج بھی منظور ہو چکے ہیں، جس کے قیام سے ضلع سوات میں انجینئرنگ اور ڈینٹسری شعبے کو خاطر خواہ فروغ ملے گا،مٹہ میں خواتین کیلئے نادرا رجسٹریشن سنٹر یہاں کے عوام کی خواہش اور ضرورت تھی جو الحمد اللہ صوبائی حکومت نے پوری کردی۔

اْنہوں نے مزید کہاکہ سوئی گیس کی فراہمی پر کام جاری ہے جبکہ سیاست سے بالاتر ہو کر سوئی گیس گھر گھر پہنچانا ہے، سوات سمیت صوبے کے بچے بچے کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،سوات کے علاقوں مٹہ ، کبل اور مینگورہ میں شیلٹر ہومز بنارہے ہیں جس سے مسافروں کو ریلیف ملے گا،سوات ایکسپریس وے کی تکمیل سے سیاحت کو کافی حد تک فروغ ملے گا۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور