انسانی زندگی میں تعلیم وتربیت کی بڑی اہمیت ہے،محمد حسین محنتی

انسانی زندگی میں تعلیم وتربیت کی بڑی اہمیت ہے،محمد حسین محنتی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ انسانی زندگی میں تعلیم وتربیت کی بڑی اہمیت ہے، پاکستان واسلام ایکدوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں، شریعت کے نفاذ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جمعیت طلبہ عربیہ ایسے نوجوان تیار کرے جو معاشرے کے قائد وامام بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ جمعیت طلبہ عربیہ کی سہ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر منتظم کراچی مولانا اعجاز الحق اورسیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دنیا محض کھیل تماشے کا نام نہیں ہے، فرمایا گیا کہ ہم نے انسان کو ایک مقصد وامتحان کیلئے پیدا کیا، کامیابی وناکامی،شیطان ورحمن اور نیکی وبدی کا راستہ بھی بتادیا۔ایمان والے تو پیدا ہی کامیابی یعنی جنت کے حصول کیلئے ہیں۔صوبائی امیر نے دینی مدارس کے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں اور اسے اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں، اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اسلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اقامت دین کیلئے خرچ اور صلاحیتوں کو بڑھاکر معاشرے میں اپنا ایک معزز مقام بنائیں۔قبل ازیں امیر صوبہ کا تربیت گاہ کے شرکاء نے کھڑے ہوکر بھرپوراستقبال اورمنتظم کراچی نے انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -