اپوزیشن '' میں نہ مانوں '' کی رٹ لگائے ہوئے ہے، ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ ریاست مخالف بیانیے کی تو مسلم لیگ (ن) کے اندر درگت بن رہی ہے اس لئے اس کی عوام میں پذیرائی کے دعوے آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ عالمی ادارے پاکستان کے معاشی طور پر درست میں گامزن ہونے کی بات کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن '' میں نہ مانوں '' کی رٹ لگائے ہوئے ہے،مسلم لیگ(ن) میں واضح تقسیم نظر آرہی ہے اورجلد اس کا باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
پارٹی کے مرکزی دفتر میں وسطی پنجاب اور اپنے حلقے کے رہنماؤں اور اکابرین کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے جلسوں میں حساس اور قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہوں کے انفرادی طورپرنام لے کر کیا ملک و قوم کی خدمت کی ہے؟،مسلم لیگ(ن) کے اپنے لوگ اس بیانیے سے متنفر ہو چکے ہیں اور اگریہ کہاجائے کہ ان کی اپنی جماعت کے اندر ان کے بیانیے کی درگت بن رہی ہے تو غلط نہ ہوگا۔پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل لوگ بھی اس بیانیے سے دوری اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ '' ووٹ کوعزت دو '' کی تحریر والے ماسک تو تقسیم کئے جارہے ہیں لیکن چندروز قبل گلگت بلتستان میں عوام نے جو ووٹ ڈالے ہیں آپ اسے عزت دینے کیلئے تیار نہیں۔ عوام اب با شعور ہوچکے ہیں وہ آپ کے دہرے معیار اور قول و فعل میں تضاد سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہاڑ جیسے چیلنجز کے باوجود وزیرا عظم عمران خان کے عزم اور درست پالیسیوں کی وجہ سے آج معیشت میں جان پڑ رہی ہے اور انشااللہ جلد یہ اپنے قدموں پربھی کھڑی ہو گی اور اس کا پوری رفتار سے پہیہ بھی گھومے گا۔