احساس پروگرام: پسماندہ اور مستحق طبقے کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں: ثانیہ نشتر
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت خاتمہ ومعاشرتی تحفظ ڈویژن ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاہے کہ حکومت پسماندہ اور مستحق طبقے کواحساس پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل وموثرپیمانے بروئے کارلارہی ہے،احساس پروگرام کے تحت طلبہ کومکمل سکالرشپ بھی دیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ کے وعدے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجارہا،پاکستان میں پہلی مرتبہ جدیدطرزپرمستحق خاندانوں کاریکارڈمحفوظ کیاجارہاہے تاکہ غیر مستحق افرادکسی مستحق خاندان کااستحصال نہ کرسکے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سکندرٹاؤن پشاورمیں قومی سماجی ومعاشی سروے کے عمل کی نگرانی کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہاہے کہ خیبرپختونخواقومی سماجی ومعاشی سروے کاآغازستمبرمیں ہواتھاجواپریل 2021میں پائیہ تکمیل تک پہنچ جائیگا،سروے کے بنیادپرحق داراورحقیقی مستحق خاندانوں کاتعین کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق غریب گھرانوں کیلئے احساس پروگرام چھتری تلے بہت سے پروگراموں کاآغازکیاگیاہے، عوام احساس پروگرام ٹیموں کیساتھ بھرپور تعاون کرکے مستحق افرادکوریلیف پہنچانے میں کرداراداکریں۔انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کے علاج معالجے اورنومولودبچے کی نشونماء کیلئے بھی احساس پروگرام کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،حاملہ خواتین کوسہ ماہی وظیفہ بھی دیاجارہاہے جس میں لڑکیوں کیلئے 2ہزارجبکہ لڑکوں کیلئے1500روپے سہ ماہی دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت 100اضلاع کی بجائے اب 150اضلاع میں ہرمہینے چھوٹے کاروبار کیلئے 80ہزار روپے دیئے جائیں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غربت خاتمہ ومعاشرت تحفظ ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہاکہ امسال ماہ دسمبرسے احساس تحفظ پروگرام کا باقاعدہ آغازکیاجارہاہے جو مستحق اورضرورت مندافرادکوریلیف دینے میں کافی موثرثابت ہوگااورمستحق افرادایک موبائل میسج کے ذریعے اس سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی نے پشاورکے ایک مقامی ہوٹل میں بینک الفلاح کیلئے احساس کفالت پروگرام ٹریننگ میٹریل کے حوالے سے ورکشاپ کابھی دورہ کیاجہاں پرحساس کفالت پروگرام میں ریٹیلرزکے ساتھ بات چیت بھی اورانہیں درپیش مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی۔انہوں نے کہاکہ ریٹیلرزکے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائیگاتاکہ مستحق افرادکووظیفہ ملنے میں دشواری کاسامنا نہ ہو