پولیس میں 10300، بلوچ لیویز میں 378بھرتیوں کی منظوری

پولیس میں 10300، بلوچ لیویز میں 378بھرتیوں کی منظوری

  

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس اور بلوچ لیویز میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے-وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب پولیس میں مزید 10300کانسٹیبل بھرتی کئے جائیں گے جبکہ بلوچ لیویز میں 378بھرتیاں ہوں گی۔ تمام بھرتیاں 100فیصد میرٹ پر ہوں گی۔ وزیراعلی نے کہاکہ امن عامہ کی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے کے لئے پولیس میں مزید بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور امن وامان کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچ لیویز میں بھرتیوں سے راجن پور اورڈیڑہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں لاء اینڈ آرڈر میں بہتری آئے گی۔ماضی کی روایات کے برعکس پولیس کی ضروریات کا تعین کر کے وسائل مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں -ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں ایوان اقبال میں نعت، تقریری و کوئز مقابلے جیتنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیا گیا-وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبائی سطح پر سکولوں کے جیتنے والے طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کئے-وزیراعلی عثمان بزدار نے طلبا و طالبات کونقد انعام اور سرٹیفکیٹ دئیے-نعت مقابلے جیتنے والی طالبہ آمنہ اسلم نے رسول کریم ؐ کے حضور ہدیہ عقیدت پیش کیا-تقریری مقابلہ جیتنے والے طالبعلم محمد سعد نے سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی - ندیم عباس،ماسٹر شہزاد اختر اور سکولوں کے طلبا و طالبات نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا- وزیراعلی عثمان بزدارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ میں شرکت ہم سب کیلئے اعزاز ہے- نبی کریم ؐ سے بے لوث او رلازوال محبت ہمارا ایمان ہے-پنجاب بھر میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے- وزیراعلی عثمان بزدارنے ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ ہر سال منانے اور پنجاب کے ہرڈویژن کی سرکاری یونیورسٹیوں میں رحمت اللعالمینؐ چیئر قائم کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ رحمت اللعالمین ؐ چیئر کے تحت محققین کو نبی کریمؐ کی سیرت اور تعلیمات پر تحقیق کر کے دنیا کے سامنے نئے پہلو روشناس کرانے کا موقع ملے گا۔ طلبہ کورحمت اللعالمینؐ سکالرشپ دینے کے لئے 25کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں - نادار طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لئے بھی 25کروڑ روپے رکھے گئے ہیں - انہوں نے کہاکہ ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کا آغاز تکریمی واک سے کیا گیا-آل پاکستان کثیر اللسانی نعتیہ محفل مشاعرہ منعقد کی گئی -اردواور علاقائی زبانوں کے معروف شعراء نے نبی کریمؐ کی شان بصورت نعت بیان کی-ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے محافل سماع بھی منعقد کی گئیں -عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا-انہوں نے کہاکہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں حسن قرآت، نعت، کوئز اور تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا- 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -