فضل الرحمن کا نواز شریف سے ٹیلیفیونک رابطہ، پی ڈی ایم کاآج پشاور میں پاور شو، پولیس نے گرفتاریوں کیلئے لسٹ تیار کر لی

فضل الرحمن کا نواز شریف سے ٹیلیفیونک رابطہ، پی ڈی ایم کاآج پشاور میں پاور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 پشاور(نیوزایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پی ڈی ایم (آج) اتوار کو پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسے کیلئے پشاور رنگ روڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کیلئے کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ہیں اور 10 ہزار کے قریب جلسے کے شرکا کے لیے کرسیاں لگائی جائیں گی۔اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ علاقہ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی تھی کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کا کہنا تھا کہ لائے جانے والے کنٹینرز راستے میں رکھنے کے لیے نہیں لائے گئے ہیں،پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کی زیر نگرانی کارکنان لائے جانے والے کنٹینرز کو لگانے میں مصروف ہیں۔جلسے کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نواز سمیت پی ڈی ایم میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین بھی آج پشاور پہنچیں گے۔ کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے ممکنہ طور پر اپوزیشن جماعت کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کیلئے فہرستیں مرتب کر لی ہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاری 23نومبر کے بعد کر دی جائیگی سیکورٹی پلان کی منظوری بھی دیدی گئی ہے امن وامان کی صورتحال کے باعث پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری کی تعیناتی ہفتے کے روز سے کر دی گئی تھی۔
پی ڈی ایم 


پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ٹیلیفونک رابط کیا ہے،مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی تیمارداری کی اور صحت بارے دریافت کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کی ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق  دونوں رہنماؤں کی ٹیلی فونک گفتگو میں پشاور کے جلسہ پر مختصر بات چیت کی گئی اور پی ڈی ایم کی حکمت عملی میں حائل رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ 13 دسمبر کے لاہور جلسہ اور تحریک کے اگلے مرحلہ پر مشاورت کی گئی،ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے یقین دھانی کروائی گئی ہے کہ پی ڈی ایم کے ہر فیصلہ پر عملدرآمد کرائیں گے۔نوازشریف کا کہناتھاکہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے۔ذرائع کا مزید کہنا  ہے کہ طبیعت کی نا سازی کے باعث پشاور جلسہ میں نوازشریف کا ویڈیو خطاب نہ ہونے کا امکان ہے۔فضل الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جعلی حکمران جو مرضی کرلیں پشاور میں جلسہ ضرور ہوگا، ووٹ چوری کرنے والوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا جسے دیکھ کر حکومت کے ہوش اڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایک بہت عظیم الشان اور تاریخی عوامی جلسہ ہونے جا رہا ہے، ناجائز حکمرانوں کی طرف سے بہت کوشش کی گئی کہ یہ جلسہ نہ ہو، کوئی اور وجہ نہ ملی تو پھر کہا کہ کورونا کاخطرہ ہے، ہمارے نزدیک یہ ناجائز حکومت سب سے بڑا کورونا ہے، اس سے جان چھوٹ جائے تو قوم شفایاب ہوجائے گی۔فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئے، نظام میں تبدیلی لانا ہوگی تاکہ مرضی کے نتائج نہ بنائے سکیں، پی ڈی ایم کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا، پوری یکسوئی کے ساتھ تمام جماعتیں آگے بڑھ رہی ہیں۔سابق وزیراعظم اور پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا کہ پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کے مطابق پی ڈی ایم کی جماعتوں کے حتمی فیصلے کے تحت پشاور میں 22 نومبر کو جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ اعلان کردہ وقت، تاریخ اور مقام پر ہی منعقد ہو گا۔عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے جلسوں میں رکاوٹ ڈال کر تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے ہم تصادم نہیں چاہتے، ہمارا راستہ روکا گیا یا سڑکیں بند کی گئی تو وہ وہیں دھرنا دے دیں گے، ہفتہ کوپارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پشاور جلسے پر پابندی کرونا کی وجہ سے لگا رہی ہے وزیر اعظم نے گلگت بلتستان اور سوات  میں  جلسے کئے اس وقت کرونا نہیں تھا؟ پی ڈی ایم کے جلسے سے ہی کورونا پھیلتا ہے ان کاکہناتھا کہ ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو وہیں دھرنا شروع کردیں گے حکومت تصادم سے دور رہے۔
اپوزیشن رہنما 

مزید :

صفحہ اول -