نواز شریف کیخلاف ایک او رریفرنس تیار، قرض لیکر مفرور 5کزنز کے وارنٹ جاری

نواز شریف کیخلاف ایک او رریفرنس تیار، قرض لیکر مفرور 5کزنز کے وارنٹ جاری

  

 لاہور(نامہ نگار،آئی این پی) بینکنگ کورٹ نے بنکوں سے قرض لیکر واپس نہ کرنے والے نواز شریف کے 5کزنز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ جاوید شفیع، طارق شفیع، زاہد شفیع سمیت پانچوں افراد کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینکوں سے قرضہ لے کر واپس نہ کرنے کے کیس میں بینکاری عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پانچ چچا زاد بھائیوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،بینکوں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کشمیر شوگر ملز اور اتفاق شوگر ملز کے لیے 70کروڑ روپے قرضہ لیا گیا تھا، اب سالہا سال سے بینکوں کو قرض واپس نہیں کیا جا رہا۔بینکوں نے استدعا کی کہ عدالت قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر 27نومبر کو پانچوں مفروروں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب نیب نے نواز شریف کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی تیاری کرلی، آئندہ ہفتے نواز شریف سمیت اہم شخصیات کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق غیرملکیوں کی سیکیورٹی کیلئے غیرقانونی طریقے سے73سیکیورٹی گاڑیاں خریدی گئیں۔ نوازشریف نے سارک کانفرنس کے شرکاکی سکیورٹی کے بہانے بلٹ پروف گاڑیاں امپورٹ کرائیں، جس کے بعدیہ بلٹ پروف گاڑیاں شریف فیملی کے زیر استعمال چلی گئیں۔ نوازشریف کے غیرقانونی اقدام سے قومی خزانے کو1ارب95کروڑ کانقصان پہنچا۔ریفرنس میں سابق ڈی جی انٹیلی جنس بیوروآفتاب سلطان کوبھی ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز،فوادحسن فواد ودیگربھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال پہلے ہی نواز شریف کے خلاف بلٹ پروف گاڑیوں کے غیرقانونی استعمال پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے چکے ہیں۔

ریفرنس وارنٹ

مزید :

صفحہ اول -