کورونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے، شبلی فراز
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہاہے کہ کورونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے، معمولی سیاسی فائدے کیلئے بے گناہ انسانوں اور کارکنان کی زندگیوں سے کھیلنا مفاد پرست سیاسی ٹولے کی ذہنیت بے نقاب کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ ملکی اداروں کو بدنام اور معیشت تباہ کرنے والے مجرم اب عوام کی صحت اور روزگار کے درپے ہیں،یہ اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے سے عوامی صحت اور روزگار دونوں متاثر کرنا چاہتے ہیں، کرپشن کے کورونا سے عوام حساب لیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عدالتی احکامات کے بعد جلسوں کا انعقاد قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے،پیمرا کو ایسی غیر قانونی اور عوام کی صحت کے لیے خطرناک سرگرمی کو نشر کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے،عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔