وزیراعظم عمران خان ملکی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں: محمد اصغر قریشی

وزیراعظم عمران خان ملکی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں: محمد اصغر قریشی
وزیراعظم عمران خان ملکی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں: محمد اصغر قریشی

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان تحریک انصاف ریاض ریجن کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے محمد اصغر قریشی کو خوش آمدید کہا گیا. 

اس موقع پر محمد اصغر قریشی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد ایسے لیڈر ہیں جو ملکی تقدیر کو بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں عمران خان ایمانداری کی اعلیٰ مثال ہیں جنھوں نے سیاست سے قبل بھی ملک کا نام روشن کیا اور سیاسی میدان میں جدوجہد کرکے ملکی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور اب بطور وزیراعظم پاکستان ملک کو مسائل سے نکالنے اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں. 

محمد اصغر قریشی نے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے لگاؤ رکھتے ہیں مگر آج کی پیپلزپارٹی بھٹو ازم سے پیچھے ہٹ چکی ہے یہی وجہ ہے وہ 43 سال پیپلز پارٹی میں رہنے کے بعد پی ٹی آئی کے وژن سے متاثر ہوکر اس میں شامل ہوئے ہیں. 

محمد اصغر قریشی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیری قوم کے سفیر بن کر ابھرے ہیں جنھوں نے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اقوام متحدہ کے اجلاس میں آن لائن تقریر کرتے ہوئے کشمیریوں کے حقوق کی بات کی اور پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوائیں تاکہ کشمیری آزاد ہو سکیں اور بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کو بند کروائیں. 

محمد اصغر قریشی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان ماضی کے پاکستان سے یکسر مختلف ہے آج پاکستان میں اداروں کو مستحکم بنانے اور کرپشن کا راستہ روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو درست سمت میں ڈالنے اور ملک کو چوروں لیٹروں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے. 

آزاد کشمیر کی سیاست کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کوٹلی آزاد کشمیر کی سیاست میں ان کا کردار رہا ہے ان کے فلاحی کاموں کو مقامی لوگ نا صرف سراہتے ہیں بلکہ ان سے مستفید بھی ہوتے ہیں حلقے کی تمام برادریوں سے ان کے اچھے مراسم ہیں اور یقیناََ پی ٹی آئی کی قیادت آزاد کشمیر میں آنے والے الیکشن میں انہیں ٹکٹ دیکر عوامی خدمت کا موقع دے گی. 

پاکستان تحریک انصاف ریاض ریجن کے سابق صدر عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ محمد اصغر قریشی کی شمولیت سے پارٹی جہاں سعودی عرب میں مضبوط ہوئی ہے وہیں پر آزاد کشمیر میں بھی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ حاصل کرنا ممکن ہوگا، ہمیں خوشی ہے کہ آج محمد اصغر قریشی کی شکل میں زیرک سیاستدان ہمارے درمیان موجود ہے کشمیر پاکستان سے ہے اور پاکستان کشمیر سے وابستہ ہے اور وزیراعظم عمران خان کی سیاسی بصیرت اور کوششوں سے کشمیر آزاد ہو کر رہے گا. 

تقریب میں شفیع خان اتماخیل، شکیل الرحمان، مبشر حسین چیمہ، حافظ عبدالوحید، سعید کوہستانی، شاکراللہ، فضل واجف، اشرف علی خان، شفیق میتلا اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور محمد اصغر قریشی کو پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد پیش کی اور خوش آمدید کہا. 

مزید :

عرب دنیا -