اداکاری نہیں کروں گی، ٹی وی شو کی میزبانی کرسکتی ہوں 

اداکاری نہیں کروں گی، ٹی وی شو کی میزبانی کرسکتی ہوں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سعدیہ امام ٹی وی کی مقبول ترین اداکارہ ہیں جنہوں نے نوے کی دہائی میں وہ شہرت حاصل کی جو بہت کم فنکاروں کو نصیب ہوتی ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ ماڈلنگ بھی کرتی رہیں اور انہوں نے بہت سے کمرشلز میں بھی کام کیا۔انہوں نے ’چھوٹی سی کہانی، پہلی بارش، سات سر رشتوں کے، تھوڑا سا آسمان، پانی پے نام، کہاں سے کہاں تک، رانی بیٹی راج کرے، کنارا مل گیا ہوتا، مامتا، کالونی52، ابھی دور ہے کنارا، اجازت،ہم سے جدا نہ ہونا،صرف ایک بار،آنگن بھر چاندنی، چاہت، بلقیس کور اور عشق جنون دیوانگی‘ سمیت درجنوں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نڑاد جرمن بزنس مین عدنان حیدر سے شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد وہ واپس پاکستان آئیں اور انہوں نے 2015 میں سما ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی شروع کی لیکن بعدازاں انہوں نے کام نہیں کیا۔سعدیہ امام شادی کے کچھ عرصے بعد جرمنی منتقل ہوگئی تھیں، تاہم کچھ ہی سال بعد وہ پاکستان واپس آئی تھیں اور اب وہ وقفے وقفے کے ساتھ دونوں ممالک میں رہنے لگی ہیں۔سعدیہ امام چند روز پہلے اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان آئیں جہاں انہوں نے انٹرویو بھی دیا جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے جرمنی چلی گئی تھیں، کیونکہ ان کے شوہر کا کاروبار اور رہائش وہیں پر ہیں مگر ان کی خواہش تھی کہ ان کا اپنا گھر پاکستان میں ہو اور اب ان کی خواہش پوری ہوگئی۔اسی دوران اداکارہ کے شوہر نے کہا کہ اب سعدیہ امام کی خواہش ہے کہ میں جرمنی چھوڑ کر پاکستان آجاؤں اور ان کے ساتھ رہوں مگر فوری طور پر ایسا ہونا ناممکن ہے۔شوہر کی بات پر سعدیہ امام نے کہا کہ چوں کہ اب ان کی بیٹی بڑی ہو رہی ہیں تو ان کی خواہش ہے کہ والد بھی بچی کے ہمراہ رہیں۔دونوں نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ پاکستان میں بھی ان کا اپنا گھر ہو اور اب ان کی خواہش پوری ہو چکی ہے۔ سعدیہ امام نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کے پیچھے ان کے شوہر کا ہاتھ ہے، اگر وہ اتنے سمجھدار اور برداشت کرنے والے نہ ہوتے تو شاید ان کی شادی نہ چل پاتی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے نکاح کو 9 سال جب کہ رخصتی کو 8 سال ہوچکے ہیں۔
سعدیہ امام کے شوہرعدنان حیدر نے ایک سوال پر بتایا کہ ان کی اہلیہ میں گزشتہ 9 سال کے دوران متعدد تبدیلیاں آئیں اور ان میں سب سے اچھی تبدیلی برداشت کرنے کی آئی ہے اور اب ماضی کے مقابلے کافی سمجھدار ہوچکی ہیں۔ سعدیہ امام نے شادی سے قبل ہی عروج دیکھا تھا اور انہوں نے اپنے متعلق تمام فیصلے خود کیے تھے، جس وجہ سے ان میں شادی کے بعد بھی وہی عادت رہی مگر آہستہ آہستہ وہ تبدیل ہوگئیں اور اب وہ دوسروں کی بات کو بھی اہمیت دیتی ہیں۔انہوں نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اہلیہ ہونے کے باوجود انہیں ہر وقت تنگ نہیں کرتیں اور وہ جب بھی گھر سے باہر ہوتے ہیں تو وہ انہیں فون تک نہیں کرتیں۔ایک سوال کے جواب پر اداکارہ کے شوہر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ان پر شک بھی نہیں کرتیں۔
سعدیہ امام نے ازدواجی زندگی پر بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آزاد اور کامیاب زندگی گزارنے کی وجہ سے انہیں دوسروں کی ہدایات یا باتیں سننے کی عادت نہیں ہوتی تھی، وہ اپنی مرضی چلاتی تھیں، تاہم اب وہ ایسی نہیں رہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر بھی اپنے فیصلے خود کرتے تھے اور کسی کی کوئی بات نہیں مانتے تھے مگر شادی کے بعد ان کے شوہر نے اپنی ضد چھوڑ کر ان کی ہر بات مانی اور شادی کو کامیاب بنایا۔اداکارہ نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شادی کے دوسرے دن ہی ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا اور پانی حد سے گزرنے کو تھا مگر پھر دونوں نے سمجھداری سے کام لیا۔ایک سوال کے جواب میں سعدیہ امام نے کہا کہ میں اب اداکاری کبھی نہیں کروں گی البتہ ٹی وی شو کی میزبانی کرسکتی ہوں لیکن وہ بھی کوئی ایسا شو ہوگا جو سب سے مختلف ہو کیونکہ اتنے عرصہ بعد روٹین کا کام نہیں کرسکتی۔
٭٭٭

مقبولِ عام اداکارہ سعدیہ امام کہتی ہیں:

مزید :

ایڈیشن 1 -