فیم فرینڈز کپ، منہالہ فٹبال کلب کی نشتر ایف سی پر گولز کی برسات
لاہور (سپورٹس رپورٹر)فیم فٹ بال کلب کے زیراہتمام ”فیم فرینڈز کپ2021“ کے 15ویں میچ میں منہالہ ایف سی نے نشتر فٹ بال کلب کو باآسانی صفر کے مقابلے 9گولز سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ فیم فٹ بال گراونڈ ماڈل ٹاون لاہور میں کھیلے گئے میچ میں منہالہ ایف سی نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر گولز کے نشتر برسانا شروع کردیئے اور میچ کے اختتام تک مخالف ٹیم کو ایک بھی گول کا موقع نہ دیا۔ فاتح ٹیم کے لئے وسیم نے پانچ گولز داغے۔عرفان نے دو جبکہ عمر اور آصف نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری شمائل انجم کے مطابق ایونٹ میں اتوار کی شام دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں فیم جونیئرز کا مقابلہ راحیل ایف سی سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کیمپس یونائیٹڈ اور گلشن راوی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔