بلوچستان، مسلح افراد کی فائرنگ، پی پی رہنما سمیت 8افراد جاں بحق، دہشت گرد رعایت کے مستحق نہیں: قدوس بزنجو
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)مستونگ کے ولی خان بائی پاس پر مسلح افرادکی فائرنگ سے پی پی رہنما میر محمدخان ابابکی سمیت 5افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مستونگ کے ولی خان بائی پاس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و قبائلی شخصیت میر محمدخان ابابکی سمیت 5افرادجاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق لاشوں اورزخمی ہونے والے افراد کو غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے مستونگ میں قبائلی رہنما سردار زادہ میر محمد خان ابابکی اورانکے ساتھیوں کے قتل پردکھ وافسوس اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ دہشت گردی کی کاروائی میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔میر عبدالقدوس بزنجو نیواقعہ کے پس پردہ محرکات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ قبائلی تنازعات بھی امن کے قیام میں ایک بڑی رکاؤٹ ہیں، دیرپا امن کیلئے قبائلی تنازعات اور تصفییہ طلب مسائل کو صوبے کی دیرینہ روایات کے مطابق حل کیاجائے۔
کوئٹہ قتل
کوئٹہ (نیوزایجنسیاں) ہرنائی کے علاقے شاہ رگ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 کان کن جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ کان کنوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔فائرنگ کا واقعہ شاہرگ کے علاقے ذالاوان میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے کوئلہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں تین مزدور موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار جائے واردات پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔تینوں مزدور امان اللہ تارن کی کوئلہ کان میں کام کررہے تھے۔ سکیورٹی حکام نے علاقے بھر کی ناکہ بندی کر کے شرپسندوں کی تلاش شروع کر دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے ضلع ہرنائی میں فائرنگ کے واقعہ میں کوئلہ کان میں کام کرنے والے 3 محنت کشوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملزمان نے نہتے اور بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بناکر ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ادھر صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ہرنائی کے علاقے میں نامعلوم افراد کے فائرنگ سے3 کانکنوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
کان کن جاں بحق