بلاول بتائیں سوائے کرپشن کے سندھ میں کون سی دودھ اور شہد کی نہریں بہائیں؟فرخ حبیب
اسلام آ باد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت گیس کے نئے ذخائر اور ٹرمینلز کیلئے سہولیات فراہم کررہی ہے،پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا ہر شعبہ ڈیفالٹ کے قریب تھا، ملکی معیشت تباہ حال تھی، وزیراعظم عمران خان 2018 سے مسلسل بحرانوں سے ہی نمٹ رہے ہیں، بلاول بتائیں 13 برسوں کے دوران سوائے کرپشن کے سندھ میں کون سی دودھ اور شہد کی نہریں بچھائی ہیں؟۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام لاقانونیت، اندھیر نگری چوپٹ راج، مہنگائی، لوٹ مار پر پیپلز پارٹی سے پناہ مانگ رہے ہیں، سندھ کی ترقی، پینے کے صاف پانی، گرین لائن کی صورت میں بہترین سفری سہولیات، نالوں کی صفائی سمیت ہر کام وفاق کررہا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ سردیوں میں روزمرہ امور میں بجلی کے زائد استعمال پر شہریوں کو فی یونٹ ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کی پشت پناہی میں گرانفروش عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ن لیگ کے بجلی اور گیس کے مہنگے منصوبوں کی قیمت آج عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
فرخ حبیب