ذیابطیس کا عالمی دن کے موقع پر ”مفت شوگر اسکریننگ کیمپ“ کا انعقاد

ذیابطیس کا عالمی دن کے موقع پر ”مفت شوگر اسکریننگ کیمپ“ کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


         کراچی (سٹاف رپورٹر)الخدمت ہیلتھ کیئر پالیسی کے تحت پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تعاون سے’ذیابطیس کے عالمی دن کی مناسبت سے شہر کے 10مقامات پر مفت شوگر اسکریننگ کیمپس لگائے گئے“ الخدمت ہسپتال ناظم آباد میں بنائے گئے مرکزی ”مفت شوگر اسکریننگ کیمپ“کا افتتاح امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ الخدمت کراچی ڈاکٹر ثاقب انصاری، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عبدا للہ متقی، ڈاکٹر ریحان،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی اسکریننگ کیمپ کے دورے و افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت صحت کے میدان میں بے شمار خدمات انجام دے رہی ہے۔الخدمت کے ڈائیگنوسٹک سینٹرز میں ٹیسٹ سمیت معیاری سہولتیں ارزاں نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔جلد ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری قائم کی جارہی ہے جہاں سی ٹی اسکین،میمو گرافی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔یہ معیاری سہولت بھی کم قیمت پر دی جائے گی،کراچی کے عوام الخدمت پر اعتماد کرتے ہیں اور مخیر حضرات کے تعاون ہی سے یہ سلسلہ آگے بڑھ رہا ہے۔ آج الخدمت کے ہسپتالوں میں شوگر اسکریننگ کیمپس لگائے جارہے ہیں،شہریوں کو الخدمت کی جانب سے یہ سہولت مفت دی جارہی ہے اس سلسلے میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایش کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ کرونا کی وباء ہویا آغوش سسٹم کے تحت یتیم بچوں کی کفالت ہو، ناگہانی آفات، اسپرے مہمات، راشن کی تقسیم، میت گاڑیوں جیسی خدمات ٗالخدمت چترال سے گوادر تک اپنی اہمیت منواچکی ہے۔تمام ہنگامی مواقعوں پر جماعت اسلامی کے سارے کارکنان الخدمت کے رضاکار بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کی بجائے این جی اوز کا سہارا لیتی ہے،صوبائی حکومت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کو متنازعہ بنادیا،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کا حال سب کے سامنے ہے،وفاقی وصوبائی حکومتوں کو کراچی میں صحت اور ہسپتالوں کی بہتری سے کوئی غرض نہیں ہے وہ محض کاغذوں میں بجٹ بنادیتی ہے لیکن عملاً کوئی کام نہیں ہوتا،سندھ حکومت کراچی پرقبضہ کی سیاست کررہی ہے،اب کے ایم سی کے ہسپتالوں پر قبضہ کرنے کا پروگرام بنارہی ہے،عباسی شہید ہسپتال اور کے ایم ڈی سی کو برباد کرنے میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم برابر کے شریک ہیں،صوبائی حکومت کو صرف کرپشن سے غرض ہے،کراچی کے جناح اور سول اسپتال کے سوا باقی اسپتالوں کا حال سب کے سامنے ہے۔صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے،مگر کراچی کے 3 کروڑ عوام اس حق سے محروم ہیں صحت سمیت تمام شعبوں کو بہتر بنانے کے لیے شہری حکومت کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔#