ڈاکٹر شاہانہ عروج کا ظمی نے دوبارہ وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی کا چارج سنبھال لیا
صوابی (محمد شعیب سے)پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے دوبارہ بحیثیت وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی صوابی کا چارج سنبھال لیا۔ وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں چارج سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے رجسٹرار نبیلہ تبسم، ڈائیریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد اسماعیل، اساتذہ اور ملازمین سے ملاقات کی جس پر تمام ملازمین نے ان کو خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔رجسٹرار نے وائس چانسلر کو گزشتہ 6 ماہ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں جامعہ شدید انتظامی بحران کا شکار رہی اورتعلیمی سیشن شدید متاثر ہوا۔ سینیئر اساتذہ کے وفد نے ڈاکٹر محمد وہاب کی قیادت میں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج سے ملاقات کی اور ان کو دوبارہ عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی۔اساتذہ نے وائس چانسلر کو بتایا کہ تعلیمی صورتحال انتہائی خراب ہے کیونکہ نئے سمیسٹر کی کلاسز تاحال شروع نہیں ہوسکی ہیں۔ طالبات کو ڈگریاں بھی نہیں مل پارہی ہیں۔یونیورسٹی میں پہلے ہی تمام ملازمین اور اساتذہ کانٹریکٹ پر تھے ان کی مدت کو بھی کم کرکے 6 ماہ کردیا گیا جس سے اساتذہ میں شدید بے چینی پھیلی ہے۔ قائم مقام وائس چانسلرز کے دور میں تعلیمی سرگرمیاں بے حد متاثر ہوئی ہیں جس کا بروقت تدارک بے حد ضروری ہے۔ ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے اساتذہ کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کے تدارک کے لئے عملی اقدامات کریں گی۔انھوں نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے ملازمین کو مستقل کرنے پر پابندی ہٹانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر نے گزشتہ سینیٹ میں مستقبل بھرتیوں پر سے پابندی اٹھانے کی منطوری دے دی ہے جس سے اب یونیورسٹی میں پہلی بار مستقل بنیاد پر اساتذہ اور ملازمین کی تقرری کا عمل شروع ہوگا اور اس ضمن میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام فیصلے صرف ادارے کی فلاح اور میرٹ پر لئے جائینگے۔ یونیورسٹی کو آگے لے جانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے، اساتذہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔