الیکشن کمیشن نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کر دیا: جاوید اقبال خٹک

الیکشن کمیشن نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کر دیا: جاوید اقبال خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
        کراچی(ین این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال خٹک نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عملے نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ مہم کامقصد 2023ء کے عام انتخابات کے لئے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بروقت تیار کرنا ہے۔ ملک بھر کی طرح کراچی کے 7اضلاع میں گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا عمل 6 دسمبر 2021 تک جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسڑکٹ الیکشن کمشنرآفس ضلع کیماڑی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پرریجنل ڈائریکٹر سید ندیم حیدر، ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ضلع کیماڑی سیدہ حمیرا بنت معاذ، ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ضلع غربی حامد حسین،راشد سردار ARO، سول سوسائٹی کے افراد سمیت الیکشن کمیشن کے دیگرافراد بھی موجودتھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے
 ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال خٹک نے مزید کہاکہ انتخابی فہرست کی گھرگھر تصدیق کا عمل7 نومبر 2021 سے شروع ہو چکا ہے اس تصدیق کے عمل میں تصدیق کنندہ گھرگھرجاکردرج شدہ افراد کے کوائف کی تصدیق اور انکے اہل خانہ کے کوائف کی تصدیق کرے گا اسکے علاوہ وہ لوگ جن کانام انتخابی فہرست میں درج نہ ہووہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے موجودہ یا مستقل پتہ پر اپنے انتخابی علاقے میں درج کرواسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گھر گھر ووٹرزکی تصدیقی مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ملک بھر میں افسران کو تعینات کیا ہے مجھے بھی کراچی کے 7اضلاع میں جاری انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے حوالے سے مانیٹرنگ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کے ابتدائی مسودہ جات کو مقرر ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا تاکہ عوام الناس ان کا معائنہ کر سکیں اور اگر ان کا ووٹ انتخابی فہرستوں میں درج نہیں ہے تو وہ اپنے ووٹ کااندراج کروائیں۔شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ ٹرانسفر کرواسکتے ہیں اسی طرح اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپکی انتخابی فہرست میں ایسے ووٹر ہیں جن کا اندراج اس فہرست میں نہیں ہوناچاہیئے توان پر اعتراض جمع کروائیں۔ اس مرحلے میں الیکشن کمیشن کی طرف سے تعینات آفیسر نظرثانی اپنے متعلقہ علاقوں میں داخل شدہ اند راج، اعتراضات و انتخابی فہرستوں میں درستگی کی درخواستوں پر فیصلہ کریں گے۔الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے اس اہم مرحلے میں کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے تصدیقی عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے اہلخانہ کے ووٹوں کے اندراج، کوائف کی درستگی اور جو ووٹر وفات پاگئے ہیں ان کے ناموں کے اخراج کو یقینی بنائیں۔ سید ندیم حیدر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے انتخابی علاقہ میں تعینات عملہ سے تعاون کریں اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ قبل از وقت عام انتخابات کے لیے مستند اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار کی جا سکیں۔ضلعی الیکشن کمشنر کراچی کیماڑی سیدہ حمیرا بنت معاذ نے کہا ہے کہ وہ کہ ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کا عمل شروع ہو گیا ہے وہ اپنے ووٹ کی صحیح اندراج کو یقینی بنائیں اس حوالے سے ضلع کراچی کیماڑی میں 446 ویریفیائنگ آفیسرز 136 سپروائزر رکھے گئے اور محکمہ تعلیم سے 22 اے آر اوز کی اور ضلع کراچی غربی میں 450 ویریفیائنگ آفیسرز 150 سپروائزر رکھے گئے اور27 AROs  کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔