ہم اپنی ثقافت اور تہذیب کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں: کامران بنگش
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ثقافت اور تہذیب کو اپنا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے دینا بھر میں پاکستانی لباس اور ثقافت کو اجاگر کیا، ایسی ثقافتی تقریبات باقاعدگی سے ہونی چاہیے،ہمارا صوبہ مختلف ثقافتوں کا امین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ثقافتی سرگرمیوں کے احیاء کے لیے بہت کام کیا ہے، خیبرپختونخوا کی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث امن نصب ہوا، امن کے لوٹنے سے ثقافتی معمولات واپس لوٹ آئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کامران بنگش نے قومی ادبی مجلس (قام) کے زیراہتمام قومی ادبی ثقافتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عوام نے پی ڈی ایم کو آئینہ دکھا دیا، پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے چہروں سے مایوسی عیاں تھی،پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد ہے ان کی آپس میں نیت ٹھیک نہیں، پی ڈی ایم کا پاور شو نہیں بلکہ پاور لیس شو تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پے درپے کامیاب جلسے کررہے ہیں، پی ڈی ایم کے جلسے سے بڑی نیبر ہوڈ کی کارنرز میٹنگ ہوتی ہے۔ 25 نومبر کو سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپیل کی سماعت ہے فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔