فضائی آلودگی میں عالمی سطح پر لاہور سرفہرست  

Nov 22, 2024 | 10:25 AM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کا راج برقرار ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آج بھی دنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔

 نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 499 پر جا پہنچی، کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 698 جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا اے کیو آئی 565 ریکارڈ کیا گیا۔

چیف میٹرولوجسٹ علیم الحسن کا کہنا ہے کہ ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے جنوب مشرق کی طرف ہونے کے باعث آج سے 24 نومبر تک شہر لاہور میں سموگ کی شرح میں اضافہ ہو گا، لاہور میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے تاہم ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھولنے کے بعد گرین لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔

حکومت نے  آج سے پنجاب بھر کی تمام تفریح گاہیں کھول دیں، پارکس، چڑیا گھر، پلے گراؤنڈز، آؤٹ ڈور سپورٹس کی بھی اجازت دے دی گئی، تمام تفریحی مقامات کو رات 8 بجے تک کھلا رہنے کی اجازت ہوگی، ہر قسم کے فیسٹیول، نمائش کی بھی اجازت دے دی گئی۔

علاوہ ازیں لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹس رات 8 بجے تک ہی کھلی رہیں گی۔ 
 

مزیدخبریں