آئندہ 30 دنوں میں لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کی ڈیڈ لائن،کتنے لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے ؟ جانیے

Nov 22, 2024 | 05:04 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کیلئے محکمہ کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دیتے ہوئے آئندہ 30 دنوں میں لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کی ہدایت کر دی۔ وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ کی خریداری، کوالٹی ایشورنس اور انسپکشن کیلئے آئی ٹی یو، پی آئی ٹی بی کے افسران پر مشتمل کمیٹی بھی بنا دی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی باڈی اچھی کوالٹی ترجیحاً سٹیل کی ہونی چاہیے جبکہ لیپ ٹاپ کا بیگ بھی بہتر کوالٹی کا بنوایا جائے۔ رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ کی تقسیم کار کے حوالے سے مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیمی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے طلباء کو جدید ترین لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اقلیتی طلباء کو بھی لیپ ٹاپ سکیم میں خصوصاً شامل کیا گیا ہے۔  مجموعی طور پر 90 دنوں میں ٹوٹل 40 ہزار لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔1 ماہ میں 5 ہزار، دوسرے مرحلے میں3 ماہ کے دوران 35 ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں۔ جبکہ لیپ ٹاپ کی فراہمی کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا۔

 وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈر طلباء کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں