انڈر 19کرکٹ،سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں ہرادیا
کولمبو (اے پی پی) سری لنکن انڈر 19 ٹیم نے پاکستان انڈر 19 کو دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے 174 رنز کا ہدف 41 ویں اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شامو اسہان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ بدھ کو کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی انڈر 19 ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسن محسن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، اویس اقبال 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جیہان ڈینئل اور آسالنکا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکن انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں پر پورا کیا۔ شامواسہان نے 75 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔