اسلام آباد ویمن چیمبر نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد ویمن چیمبر نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر ...

  



لاہور(کامرس ڈیسک)اسلام آبادویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے امیدوار عبدالرؤف عالم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہترین چوائس ہیں جنکے دور میں خواتین کے مسائل حل ہونگے۔ ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل اور صدر ممتاز اختر نے کہا کہ ایس ایم منیر کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں، ان جیسے انسان صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی کاروباری برادری کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی ہے۔ان پر تنقید کرنے والوں کا ماضی داغدار ہے۔ یو بی جی کے چئیرمین افتخار علی ملک نے ہمیشہ خواتین کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح رکھا ہے۔ انھوں نے یہ بات عبدالرؤف عالم کی قیادت میں کاروباری برادری کے ایک وفد کے ویمن چیمبر کے دورے کے موقع پر کہی۔اس موقع پراسلام آباد چیمبر کے نو منتخب صدر عاطف اکرام شیخ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں اکرم فریدچئیرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی، ملک سہیل حسین، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ملک زبیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا باون فیصد ہیں جنھیں قومی دہارے میں لائے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ انھیں چیمبر کی بلڈنگ کیلئے پلاٹ دلوانے ، عمارت کی تعمیر اور خواتین ہنرمندوں کیلئے ڈسپلے سینٹر کی تعمیر کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔عاطف اکرام شیخ اورمیاں اکرم فرید نے کہا کہ ویمن چیمبر خواتین کی استعداد بڑھانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے ۔

جس میں انھیں ہمارا تعاون حاصل ہے ۔ہمیں ثمینہ فاضل اور انکی ٹیم کی خدمات پر فخر ہے۔ہم مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرینگے۔

مزید : کامرس