کوآپریٹو سکیموں کو پروان چڑھانے کے لئے 850 ملین سے زائد کے فنڈز فراہم کرینگے

کوآپریٹو سکیموں کو پروان چڑھانے کے لئے 850 ملین سے زائد کے فنڈز فراہم کرینگے

  



لاہور(آن لائن) صوبائی وزیرکوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ کوآپریٹو تحریک موجودہ حالات میں ترقی کے لئے انتہائی اہم اور ضروری ہے ۔ حکومت پنجاب اس تحریک کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات میں کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے تحریک امداد باہمی کو صوبہ پنجاب میں مزید موثر بنانے کے لئے متعدد سکیموں کی منظوری دی ہے جس میں 850 ملین روپے سے زائد فنڈز حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 300 ملین کے فنڈز کوآپریٹو سوسائٹیز کو ٹریکٹرز کی فراہمی کے لئے مہیا کئے ہیں ۔ اس سکیم کے تحت 25 فیصد کوآپریٹو سوسائٹیز کا ممبر اور 75 فیصد حکومت پنجاب فراہم کرے گی جس کی واپسی 22 سالوں میں ششماہی اقساط کے ذریعے ہو گی۔ حکومت کے اس اقدام سے جدید کاشتکاری کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ امدادی باہمی نے ’’پلان انٹرنیشنل‘‘کے باہمی اشتراک سے ضلعی وہاڑی میں دودھ کی کولیکشن کے کام میں کامیابی کے بعد اس سکیم کے دائرہ کارکو وسعت دی جا رہی ہے ۔ اب اس سکیم کے تحت راولپنڈی، لیہ، مظفر گڑھ، لودھراں، ملتان ، خانیوال، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں دودھ کا کاروبار شروع کیا جائے گا تا کہ عوام کو سستا اور معیاری دودھ فراہم ہو سکے۔

مزید : کامرس


loading...