نئی ڈرامہ سیریل ’’مان‘ ‘کامیابی کے ساتھ آن ائیر
لاہور(فلم رپورٹر)میکال ذوالفقار،کرن حق اور ماہا وارثی کی نئی ڈرامہ سیریل ’’مان‘ ‘کامیابی کے ساتھ آن ائیر ہوگئی ہے ۔اس ڈرامہ کی کہانی محبت اور رشتوں کو بنھانے کے جذبات کی داستان ہے۔ یہ کہانی ایمان اور وفا کی آزمائش کی ہے۔ ایمان اور وفا ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے والے میاں بیوی ہیں۔ ان کی دو بیٹیاں حریم اور ہانیہ ان کی کل کائنات ہے۔ مڈل کلاس کی اس فیملی کو بھی معاشی مسائل نے گھیرا ہوا ہے۔ ایمان کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ وفا اور اپنی بیٹیوں کو کسی چیز کی کمی نہ ہونے دے لیکن قسمت ان پر مہربان نہیں اور ان کی محبت ‘ رشتوں اور جذبات کے کئی امتحان ابھی باقی ہیں۔ ایمان ابھی قرضوں سے نجات نہیں پاتا کہ اسے پتہ چلتا ہے کہ حریم کے دل میں سوراخ ہے اور علاج کے لئے لاکھوں روپوں کی ضرورت ہے۔ ایمان ساری کوششوں کے باوجود پیسوں کا بندوبست نہیں کرپاتا اور شدید ندامت کے عالم میں دن گزار رہا ہے۔ ایسے میں اس کی ملاقات مایا سے ہوتی ہے ۔مایااس کی منگیتر ہے لیکن ذاتی اختلافات کی بنا ء پر ان کی منگنی ٹوٹ جاتی ہے۔ مایا صورتحال کا بھرپو ر فائدہ اٹھاتی ہے اور ایمان کو اس کی خاندان اور بیوی کے خلاف بھڑکاتی ہے۔