مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیتؓ اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے،راشد بشیر،شہزاد بٹ

مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیتؓ اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے،راشد بشیر،شہزاد بٹ
مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیتؓ اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے،راشد بشیر،شہزاد بٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جوہانسبرگ(ندیم شبیر سے) پاکستان مسلم لیگ ن کیپ ٹاؤن کے صدر و نائب صدر راشد بشیر سیال اور شہزاد بٹ نے کہا ہے کہ مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیتؓ اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے۔ امت مسلمہ کو متحد کرنا علمائے کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ کربلا کا پیغام مظلوموں کے مقابلہ میں ظالموں کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسینیؓ فکر کو اپنا کر ہی دنیا کو امن کا گہوارہ اور پاکستان کو اسلام کا حقیقی قلعہ بنایا جا سکتا ہے۔علمائے کرام محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے اپنا دینی فریضہ ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ نااہل اور بدکردار حکمرانوں کے خلاف صف آرا ہونا حضرت امام حسینؓ کی سنت ہے کیونکہ یزید ایک نااہل اور بدکردار حاکم تھا جس نے مصطفوی تعلیمات اور قرآن کے آفاقی پیغام کو دنیاوی اقتدار اور سیاسی مصلحتوں کے تحت پامال کرنے کی ناپاک حرکت کی اور جس کا مقابلہ حضرت امام حسینؓ نے ڈٹ کر کیا۔ راشد بشیر سیال اور شہزاد بٹ نے کہا کہ سانحہ کربلا سے پیغام ملتا ہے کہ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کربلا میں آزمائشوں سے دو چار ہوئے۔جام شہادت نوش کر لیا مگر جابر اور بدکردار حکمران کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادات اور آزادی اظہار کا حق دیتا ہے۔معاشرے میں بھائی چارے ،رواداری ،برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی امن دشمن ہمارے اس اتحاد ،یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ نہ کر سکے۔انہوں نے علمائے کرام اور مشائخ عظام پر زور دیا کہ وہ منبر رسول ؐ سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں کیونکہ یہ وقت اتحاد و اتفاق کیلئے کام کرنے کا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -