حریت رہنماؤں کی یاسین ملک جاوید میر اور دیگر پر بھارتی پولیس کے تشدد کی مذمت

حریت رہنماؤں کی یاسین ملک جاوید میر اور دیگر پر بھارتی پولیس کے تشدد کی مذمت

  



سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی پولیس کی طرف سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک ، جاوید احمد میر اور دیگرپر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مارپیٹ اور تشدد سے آزادی پسند رہنماؤں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے اور وہ جد وجہد آزادی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری بیان میں محمد یاسین ملک اور دیگر پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہ بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ اب پوری طرح سے بے نقاب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس وحشیانہ انداز سے آزادی پسند رہنماؤں اور عام شہریوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا وہ بھارتی جمہوریت کے چہرے پر بدنما دھبہ ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ ایک جانب نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا جاتا ہے جبکہ دوسری طرح لوگوں کو قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے سے بھی طاقت کے بل پر روکا جاتا ہے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے چیئرمین فاروق احمد ڈار نے محمد یاسین ملک پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحاد ی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بے گناہ جوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے اور دوسری طرف عوام کومتاثرہ خاندانوں ساتھ اظہار یکجہتی سے بھی روکا جاتا ہے ۔جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سرینگر میں جاری بیان میں محمد یاسین ملک ، جاوید احمد میر اور دیگر پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ کشمیریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اور دیگر ہتھکنڈوں سے آزادی پسندوں کے حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کیاجاسکتا۔امت اسلامی نے بھی محمد یاسین ملک ، جاوید احمد میر ، مختار احمد صوفی،شبیر احمد ڈار ،محمد احسن اونتو، محمد اقبال میر، انجینئر فاروق اور دیگر پر بھارتی پولیس کے حملے کی شدید مذمت کی۔اے پی ایچ سی کے میڈیا ایڈوائیزر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام نے محمد یاسین ملک، جاوید احمد میر اور دیگر پر تشدد کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے حریت رہنما مختار احمد وازہ کی مسلسل نظر بندی اور بھارت پولیس کی طرف سے ان کے گھر پر چھاپے اور مکینوں کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کی بھی شدید مذمت کی۔

مزید : عالمی منظر


loading...